Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی میں بلند عمارت کی لِفٹ گرنے سے ایک نوجوان ہلاک

پولیس نے کہا کہ ’جب موقعے پر پہنچے تو معلوم ہوا کہ چار افراد لِفٹ میں پھنسے ہوئے ہیں‘ (فائل فوٹو: پکسابے)
انڈیا کے شہر ممبئی میں ایک بلند عمارت کی لِفٹ گرنے سے ایک نوجوان ہلاک ہو گیا۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ’بدھ کی دوپہر 24 منزلہ عمارت کی یہ لِفٹ جب گری تو اس میں چار افراد سوار تھے۔‘
لِفٹ گرنے کے بعد گراؤنڈ فلور پر آگئی اور جب امدادی ٹیم پہنچی تو اس نے لِفٹ کا دروازہ کھولا۔
لفٹ میں سوار تین افراد کی حالت بہتر تھی لیکن چوتھے کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ’جب موقعے پر پہنچے تو معلوم ہوا کہ چار افراد لِفٹ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ان میں سے تین بحفاظت نکل آئے۔‘
گذشتہ ماہ باندرا ریلوے سٹیشن کی لِفٹ میں 20 مسافر آدھے گھنٹے تک پھنسے رہے جنہیں ایک الیکٹریشن اور سٹیشن مینیجر نے نکالا۔
گذشتہ برس 16 برس کی ایک لڑکی بھی ممبئی میں اسی قسم کے حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ چھپن چھپائی کھیل رہی تھی جب اس کا سر لِفٹ کے دروازے میں پھنس گیا۔
جب لِفٹ چلی تو اس کا سر فرش سے ٹکرایا اور وہ ہلاک ہو گئی۔

شیئر: