Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کو الیکشن میں کامیابی کے لیے ترقیاتی کاموں کی ضرورت نہیں: تیمور جھگڑا

خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمورسلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ کہ صوبے کی معاشی صورتحال گزشتہ تین ماہ سے بہتری کی طرف گامزن ہے۔
اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تیمور سلیم جھگڑا نے بتایا کہ ’ہمیں صورتحال سے نمٹنے کے لیے بہت سے سمجھوتے کرنے پڑے، کچھ ماہ سالانہ ترقیاتی فنڈز کو روک کر رکھنا پڑا اخراجات کم کرنے پڑے تب جا کر ہمارے خزانے کے ماہانہ بیلنس میں 30 سے 35 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔‘
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ’ہمیں الیکشن میں کامیاب ہونے کے لیے ترقیاتی کام کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ الیکشن سے وہی ایم پی اے ڈر سکتا ہے جس کو ٹکٹ نہ ملنے کا خدشہ ہو۔‘  
’ہم نے چار سالوں میں اتنا کام کیا ہے کہ سب نے دیکھ لیا۔ دوسری جانب پی ڈی ایم کا پرانا پاکستان کا حال بھی سب نے دیکھ لیا ہے۔‘
وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ ’سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کی تعمیر مکمل نہ ہونے میں بڑی رکاوٹ وفاق کا فنڈز ریلیز نہ کرنا ہے۔ اگر یہ فنڈز ریلیز کرتے تو صوبے کے متعدد منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچ جاتے۔‘
پچھلے دو ہفتوں میں دو بار پولیس کے فنڈز کے لیے میٹنگ ہوئی ہے۔ وزیراعلی کی ہدایت پر فنڈزکی منظوری دے دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ ’وفاق کی جانب سے صوبے کے بقایا جات کی ادائیگی کے بجائے مولانا فضل الرحمان فنڈز روکنے کے بیانات دے رہے ہیں جوکہ قابل مذمت ہے۔‘  
’مولانا فضل الرحمان نے سیاست کے لیے ضم شدہ قبائلی اضلاع کی حق تلفی کی ہے بجائے صوبے کے لیے لڑنے کے وہ فنڈز روکنے کی بات کر رہے ہیں۔‘
’میں نے اسحاق ڈار کو متعدد بار فون کیے مگر کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔ صرف ایک دفعہ انہوں نے کال بیک کی، ہم نے صوبے کے فنڈز کے لیے عدالت جانے کا فیصلہ کیا تھا مگر فی الحال ہم نہیں جا رہے کیونکہ وفاق کو ایک اور موقع دینا چاہتے ہیں۔‘
وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے اسمبلی تحلیل کے حوالے سے موقف اپنایا کہ ’پنجاب میں صورتحال واضح ہونے کے بعد ہم بھی تحلیل کردیں گے۔‘

شیئر: