Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی ٹیکسیوں کا اجراءبند کردیا گیا

ریاض .... پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے سعودی عرب میں ٹیکسیوں کے نئے اجازت ناموں کا اجراءبند کردیا۔ یہ بندش ریاض اور جدہ شہروں میں ٹیکسیوںکی تعداد بڑھ جانے اور 60فیصد گاڑیوں کے بلا مسافر سڑکوں پر گھومنے کی رپورٹوں کے تناظر میں لگائی گئی ہے۔ الوطن اخبار کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی ماہ شوال کے شروع سے تمام ٹیکسیوں پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا پروگرام بنا رہی ہے۔کسی بھی ٹیکسی ڈرائیور کو سواری حاصل کرنے کیلئے سڑکوں پر گھومنے پھرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام ڈرائیوروں کے لئے یکساں وردی ضروری ہوگی۔ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ مملکت بھر میں 1401ٹیکسی کمپنیاں ہیں۔ 31196افراد نجی ٹیکسیاں چلا رہے ہیں۔ ٹیکسیوں کی مجموعی تعداد 76937ہے۔ ٹیکسیوں پر 27745خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ ان سے 22ملین8لاکھ44ہزارریال جرمانے کے طور پر وصول کئے گئے ہیں۔ السہلی نے بتایا کہ اتھارٹی ٹیکسیوں کو معطل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی البتہ خراب صورتحال کے خاتمے کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔ ٹیکسیوں کے تمام میٹر تبدیل کرائے جائیں گے۔اوبر اور کریم کمپنیوں کی گاڑیاں صرف سعودیوں کیلئے مختص ہونگی۔ غیر ملکی ڈرائیور ان کمپنیوں میں سے کسی میں کام کے مجاز نہیں ہونگے۔البتہ سعودی خواتین کی غیر ملکی اولاد کو اس کا موقع دیا گیا ہے۔

شیئر: