Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: جہاز میں ’بزرگ خاتون پر پیشاب کرنے والا‘ بینک ایگزیکٹو گرفتار

ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ ’پروازوں کے دوران الکحل پیش کرنے سے متعلق اپنی پالیسی پر نظرثانی کر رہی ہے۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین مسافر جہاز میں بزرگ خاتون پر پیشاب کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سنیچر کو انڈین پولیس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایئر انڈیا کی پرواز کے دوران مسافر خاتون پر مبینہ طور پر پیشاب کرنے والا شخص امریکی بینکنگ کمپنی ’ویلز فارگو‘ کے ایگزیکٹو عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
ویلز فارگو کے انڈیا میں آپریشنز کے سابق نائب صدر شنکر مِشرا کی ایک عمر رسیدہ خاتون نے ایئر لائن کی انتظامیہ کو شکایت کی تھی۔
یہ شخص حکام سے بھاگ رہا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شنکر مشرا نے اپنا فون بند کر دیا تھا لیکن وہ سوشل میڈیا پر اپنے دوستوں سے رابطے میں رہا اور بنگلور شہر میں کریڈٹ کارڈ کا لین دین بھی کیا جس کے بعد اس کی لوکیشن معلوم ہو گئی۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ شنکر مِشرا کو انڈیا کے دارالحکومت دہلی لایا جا رہا ہے جہاں پولیس الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ملزم نے اپنا فون بند کر رکھا تھا لیکن سوشل میڈیا پر دوستوں سے رابطے میں تھا (فوٹو: اے این آئی)

دہلی پولیس کے ایک ترجمان نے مزید تفصیلات بتائے بغیر اے ایف پی کو مِشرا کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب ’ویلز فارگو‘ نے جمعے کو کہا تھا کہ ’انتہائی پریشان کن‘ الزامات کے سامنے آنے کے بعد اس ملازم کو برطرف کر دیا گیا ہے۔

واقعہ کیا تھا؟

شنکر مِشرا مبینہ طور پر 26 نومبر کو نیویارک سے نئی دہلی کے سفر کے دوران نشے میں تھے جب انہوں نے اپنی پتلون کی زپ کھول کر بزنس کلاس میں بیٹھی ایک 72 سالہ خاتون پر پیشاب کر دیا۔
اس حوالے سے ایئر لائن نے کہا ہے کہ وہ اس مسئلے کو درست طریقے سے حل کرنے میں ناکام رہی ہے اور پروازوں کے دوران الکحل پیش کرنے سے متعلق اپنی پالیسی پر نظرثانی کر رہی ہے۔
ایئر انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو کیمبل ولسن نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا کہ ’ایئر انڈیا اس حوالے سے کارروائی کے لیے پرعزم ہے۔‘
واضح رہے کہ ائیر انڈیا کو حال ہی میں ٹاٹا گروپ نے دہائیوں تک حکومتی کنٹرول میں رہنے کے بعد خریدا ہے۔ ایئر لائن کو مذکورہ خاتون کی شکایت کے بعد سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔
علاوہ ازیں انڈیا کے ایوی ایشن ریگولیٹر نے رواں ہفتے اپنی انتظامیہ کو اس وقت واقعے کی اطلاع نہ دینے پر تنبیہہ کی ہے۔

شیئر: