Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رواں ہفتے پاکستان کے کن کن علاقوں میں بارش متوقع ہے؟

متوقع بارشوں اور برف باری کے باعث تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرما کی بارشیں اور پہاڑوں پر برف باری جاری رہے گی۔
پیر کو جاری ایک بیان میں محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ 10 سے 11 جنوری کے دوران بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، بارکھان، زیارت، نوکنڈی، دالبندین، چمن، قلعہ سیف اللہ اور ہرنائی سمیت متعدد علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ 11 سے 13 جنوری کے درمیان مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی مختلف مقامات پر بارش اور شدید برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 11 سے 13 جنوری کے درمیان صوبہ پنجاب کے بیشترعلاقوں بشمول میانوالی، خوشاب، بھکر، لیہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، گجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ، لاہور اور ساہیوال میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے پہاڑی علاقوں بشمول مری، ناران، کاغان اور سوات میں شدید برف بادی کے سبب سڑکیں بند ہو سکتی ہیں جس کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل پڑ سکتا ہے۔ جبکہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی موجود ہیں۔
بارشوں کے باعث پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں میں چھائی دھند میں کمی آئے گی اور پنجاب اور خیبر پختونخوا میں یہ بارشیں فصلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متوقع بارشوں اور برف باری کے باعث تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔

شیئر: