Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں رونالڈو اور میسی کا مقابلہ، قیمت ایک کروڑ ریال تک پہنچ گئی

ٹکٹ پر بولی 17 جنوری تک جاری رہے گی ( فوٹو: اے ایف پی)
ریاض سیزن کے فٹبال میچ کی منفرد، نمایاں اور خصوصی ٹکٹ کی نیلامی جاری ہے جس کی قیمت ایک کروڑ ریال تک پہنچ گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق خصوصی ٹکٹ پر بولی 17 جنوری تک جاری رہے گی۔
سعودی تاجر عبد العزیز بغلف نے ٹکٹ کی 30 لاکھ ریال کی بولی لگائی تھی جس پر معرف تاجر بندر الضحیک نے 35 لاکھ ریال کی بولی لگا دی۔
بعد ازاں ابراہیم المہیدب نے ٹکٹ کی قیمت بڑھا کر 40 لاکھ ریال تک کر دی ہے۔
کچھ دیر بعد معروف تاجر خالد المشرف نے 70 لاکھ کی بولی لگائی اور پھر اپنی بولی پر بولی لگا کر اسے 90 لاکھ تک پہنچا دیا۔
ایسے میں محمد المنجم نے مداخلت کی اور ٹکٹ کی 93 لاکھ ریال کی بولی لگا دی۔
اس کے بعد مشرف الغامدی نے ٹکٹ کی قیمت 10 ملین ریال تک بڑھا دی ہے۔
ٹکٹ پر بولی 17 جنوری تک جاری رہے گی اور توقع ہے کہ اس کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گا۔
 
واضح رہے کہ ریاض سیزن کے تحت ایک تاریخ فٹبال میچ پیرس سینٹ جرمین ’ایف سی‘ اور مقامی فٹبال کلب النصر اور الہلال کے سٹار کھلاڑیوں کے درمیان ہونے جا رہا ہے۔
اس میچ میں النصر کلب کے سٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو، میسی، نیمار اور دیگر سٹار کھلاڑی شریک ہوں گے۔
اس برادرانہ میچ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں الہلال اور النصر کے سٹار کھلاڑیوں کا دنیا کے معروف سٹار کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلہ ہو گا۔
ریاض سیزن انتظامیہ نے اس میچ کی ایک ممتاز، منفرد اور نمایاں ٹکٹ متعارف کرائی ہےجس پر عام بولی لگائی جا رہی ہے۔

شیئر: