Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین میں ایک ماہ کے دوران کورونا وائرس سے 60 ہزار افراد ہلاک

چینی حکام کے مطابق ’ہلاک ہونے والے افراد کی اوسط عمر 80.3 برس ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
چین میں محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے باعث ملک میں تقریباً 60 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چین کی حکومت نے دسمبر میں کورونا وائرس کے حوالے سے پابندیاں ہٹانے کے بعد پہلی مرتبہ اموات کی تعداد بتائی ہے۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن میں بیورو آف میڈیکل ایڈمنسٹریشن کے سربراہ جیاؤ یاہوی نے سنیچر کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’8 دسمبر 2022 سے 12 جنوری 2023 تک 59 ہزار 938 افراد ہلاک ہوئے۔‘
یہ تعداد سرکاری ہسپتالوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی ہے اور یہ تعداد اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ان میں سے پانچ ہزار 503 اموات براہ راست کورونا وائرس کی وجہ سے اور 54 ہزار 435 اموات کورونا اور دیگر بیماریوں کی وجہ سے ہوئیں۔‘
گذشتہ برس دسمبر میں کورونا پابندیاں ختم کرنے کے بعد چین پر الزام لگایا جاتا رہا تھا کہ اس نے اموات کی درست تعداد نہیں بتائی۔
چین نے اس سے قبل کورونا کی وجہ سے ہونے والی اموات کی کیٹیگری تبدیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’وہ صرف انہی افراد کی ہلاکت کو شمار کرے گا جو کورونا کی وجہ سانس کی تکلیف میں مبتلا ہو کر ہلاک ہوں گے۔‘
تاہم عالمی ادارہ صحت نے اس پر تنقید کی تھی۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانم نے کہا تھا کہ ’ان کا ادارہ چین سے کورونا کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں اور ہسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں کا قابل اعتبار ڈیٹا فراہم کرنے کا کہہ رہا ہے۔‘
چینی محکمہ صحت کے حکام نے سنیچر کو کہا کہ ’ہلاک ہونے والے افراد کی اوسط عمر 80.3 برس ہے جن میں سے 90 فیصد افراد ایسے تھے جن کی عمر 65 برس سے زیادہ تھی۔‘
واضح رہے کہ چین میں 60 برس سے زائد عمر کے لاکھوں افراد کو ویکسین نہیں لگائی گئی۔

شیئر: