Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں ملاوٹی پٹرول فروخت کرنے والا سٹیشن سیل، کارکنان پر جرمانہ

سٹیشن کو متاثرہ گاڑیوں کی اصلاح و مرمت اپنے خرچ پر کرانے کا حکم دیا گیا ہے( فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں مکہ کی  فوجداری عدالت نے ایک پٹرول سٹیشن کے ٹھیکے داروں اور کارکنان کو ملاوٹی پٹرول فروخت کرنے کا مجرم قرار دیا ہے۔
 پٹرول سٹیشن کے ٹھیکے داروں اور کارکنان پر جرمانہ اور پندرہ دن کے لیے پٹرول سٹیشن سیل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
 وزارت تجارت نےغیر ملکی کارکنان اور پٹرول سٹیشن کے ٹھیکے داروں کی تشہیر کردی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت تجارت نے ملاوٹی پٹرول فروخت کرنے والے سٹیشن کو حکم دیا کہ’ وہ متاثرہ گاڑیوں کی اصلاح و مرمت اپنے خرچ پر کرائے‘۔
وزارت تجارت نے بیان میں انتباہ کیا کہ’ مملکت کے تمام علاقوں میں صارفین کے تحفظ، انسداد تجارتی جعلسازی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے وزارت سرگرم ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’قانون یہ ہے کہ جو شخص بھی تجارتی جعلسازی کے جرم میں ملوث پایا جائے گا اسے تین برس تک قید اور دس لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی۔ دونوں سزاؤں میں سے کوئی ایک بھی دی جاسکتی ہے‘۔
’خلاف ورزی کرنے والوں کی تشہیر خود ان کے خرچ پر ہوگی۔ اگر تجارتی قانون کی خلاف ورزی کرنے والے غیرملکی ہوئے تو انہیں جرمانے اور قید کے بعد مملکت سے بے دخل کیا جائے گا‘۔
وزارت تجارت نے تمام صارفین سے یہ بھی کہا کہ’ اگر ان کے علم یا مشاہدے میں تجارتی خلاف ورزی آئے تو وہ ایسی صورت میں متعلقہ ادارے کے خلاف ’بلاغ تجاری‘ ایپ پراس کی اطلاع دیں‘۔

شیئر: