Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کے کپتان مقرر

بابر اعظم نے کیلنڈر ایئر میں چار سینچریاں اور سات نصف سینچریاں بنائیں۔ (اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
 بابر اعظم کو آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا کپتان بنایا گیا ہے جبکہ ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں بھی وہ شامل ہیں۔
آئی سی سی نے اپنی ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیمز آف دی ایئر کا اعلان منگل کو کیا۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر سے 50 اوورز کے فارمیٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منویا جس کے بعد یہ واضح ہو رہا ہے کہ وہ کیوں جولائی 2021 سے ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔
بابر اعظم نے رواں سال نو ون ڈے میچز کھیلے ہیں جس میں انہوں نے تین سینچریاں بناتے ہوئے سال کا اختتام 84.87 کی حیران کن اوسط کے ساتھ 679 رنز بنا کر کیا۔
بطور کپتان قومی ٹیم بھی 2022 بابر اعظم کے لیے یادگار رہا جس میں پاکستان نے تین میں سے تین ون ڈے سیریز اپنے نام کیں۔ پاکستان نے سال بھر میں 9 ون ڈے میچز کھیلے جس میں اسے صرف ایک میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی۔
ون ڈے فارمیٹ میں عمدہ لیڈرشپ کے باعث آئی سی سی نے انہیں ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا کپتان بنایا ہے۔
اسی طرح ٹیسٹ فارمیٹ میں بھی بابر اعظم نے گذشتہ سال بطور بیٹر شاندار کارکردگی دکھائی۔

آئی سی سی نے اپنی ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیمز آف دی ایئر کا اعلان منگل کو کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

28 سالہ بیٹر نے کیلنڈر ایئر میں ٹیسٹ فارمیٹ کھیلتے ہوئے چار سینچریاں اور سات نصف سینچریاں بنائیں۔
سال بھر میں بابر اعظم نے نو ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں انہوں ںے 69.94 کی اوسط سے 1184 رنز بنائے جبکہ یہاں دلچسپ بات یہ رہی ہے کہ انہوں نے تمام مخالف ٹیموں کے خلاف ایک ایک سینچری سکور کی۔
آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں کپتان نے 390 رنز بنائے جب کہ سال کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ کے خلاف انہوں نے 348 رنز بنائے۔

آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر:

بابر اعظم (کپتان)، ٹریوس ہیڈ، شائے ہوپ، شریاس ایئر، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، سکندر رضا، مہدی حسن میراز، الزاری جوزف، محمد سراج، ٹرینٹ بولٹ، ایڈم زمپا۔

آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر:

 عثمان خواجہ، کریگ براتھ ویٹ، مارنس لبھوشین، بابر اعظم، جونی بیئرسٹو، بین سٹوکس (کپتان)، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، پیٹ کمنز، کاگیسو راباڈا، نیتھن لائن، جیمز اینڈرسن۔

شیئر: