Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانوی صحرا نورد 700 کلومیٹر پیدل سفر کر کے طائف کے شوبرا پیلس پہنچ گیا

تاریخی شبرا محل کا فن تعمیر اسلامی اور رومن طرز کا امتزاج ہے۔ فوٹو عرب نیوز
برطانوی صحرا نورد مارک ایونز اور ان کی ٹیم کے ارکان 13 دن تک صحرا میں 700 کلومیٹر پیدل سفر کے بعد گزشتہ روز جمعہ کو طائف کے تاریخی شوبرا محل میں پہنچ  گئے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے نے ہفتے کے روز اطلاع دی ہے کہ  مارک ایونز اور ان کی ٹیم نے محل کے صحن اور اندر موجود مختلف مقامات کا دورہ کیا۔

برطانوی سیاح اور ان کی ٹیم نے اپنا سفر القدیہ کے علاقے سے شروع کیا۔ فوٹو عرب نیوز

رپورٹ میں بیان کیا گیا ہے کہ صحرا نوردوں نے شبرا محل  کے اصل فن تعمیر، اس کی دیواروں پر جیومیٹرک  اشکال اور سجاوٹ، راہداریوں میں روشنی کے نظام اور یہاں لکڑی کے دروازوں اور کھڑکیوں پر عرب انداز سے  دکھائی گئی ہنرمندی کو سراہا ہے۔
واضح رہے کہ طائف میں قائم شوبرا پیلس کو 1905 میں دو ماہ میں تعمیر کیا گیا تھا اور اس کا ڈیزائن مصر کے شہر قاہرہ کے ضلع شوبرا میں واقع ایک محل کی طرز پر ہے۔
محل کا فن تعمیر اسلامی اور رومن طرز کا امتزاج ہے، خاص طور پر محل کے محراب، ستون، دروازے، کھڑکیاں اور چھتیں حجاز کے علاقے کے اثرات سے مماثلت رکھتی ہیں۔

محل کا ڈیزائن  قاہرہ کے ضلع شوبرا  کے ایک محل کی طرز پر ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

شبرا محل میں تقریباً 150 کمرے موجود ہیں جب کہ مشرقی اور مغربی سمت میں دو داخلی دروازے موجود ہیں۔
محل کے مرکزی ہال میں دو رویہ  سیڑھی بنائی گئی ہے جو اوپری منزل پر  موجود رہائش کی طرف جاتی ہے۔
یہ تاریخی مقام سعودی فرمانروا شاہ عبدالعزیز کے دور میں سعودی حکومت کا ہیڈ کوارٹر ہوتا تھا جب گرمیوں کے موسم  میں ہیڈکوارٹر طائف منتقل ہوتا تھا۔
شاہ فیصل کے دور حکومت میں یہ محل 1987 میں میوزیم میں تبدیل ہونے سے پہلے سعودی وزارت دفاع اور ہوابازی کا مرکز رہا ہے۔

طائف میں قائم شوبرا پیلس کو 1905 میں دو ماہ میں تعمیر کیا گیا تھا۔ فوٹو ٹوئٹر

قبل ازیں برطانوی سیاح مارک ایونز نے قدیم برطانوی سیاح جیک فلبی (جنہوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام عبداللہ رکھ لیا تھا) کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے ابتدائی سفر 'ہارٹ آف عریبیہ' کے دوران سعودی عرب کے کئی مشہور تاریخی مقامات کا سفر کیا ہے۔ برطانوی سیاح اور ان کی ٹیم نے اپنا سفر القدیہ کے علاقے سے شروع کیا اور درب المنجر سے ہوتے ہوئے درما کی طرف روانہ ہوئے۔
ایک دن نفود دالقان میں گزارا، یہ علاقہ ریت کے ٹیلوں کے باعث جانا جاتا ہے جس کی خوبصورت ڈھلوانوں پر جنگلی پودوں کی بے شما اقسام موجود ہیں۔
 
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: