Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور فرانس میں توانائی کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ

 توانائی کے پرامن استعمال کے حوالے سے تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب اور فرانس نے توانائی کے شعبے میں کاربن اور ہائیڈروجن کی پیداوار جیسی ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے والی ٹیکنالوجیز میں تعاون کے لیے ایک معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔
ایس پی اے اورعرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر برائے توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے فرانسیسی وزیر برائے یورپ اور خارجہ امور کیتھرین کولونا کے ساتھ  بجلی، قابل تجدید ذرائع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
یہ معاہدہ سٹوریج، سمارٹ گرڈ، تیل اور گیس، ریفائننگ، پیٹرو کیمیکلز، ڈسٹری بیوشن اور مارکیٹنگ کے شعبے کا بھی احاطہ کرے گا۔
معاہدے میں ڈیجیٹل تبدیلی، توانائی کے شعبوں سے متعلق مواد، مصنوعات اور خدمات کی لوکلائزیشن، مشترکہ تحقیق، مہارت کی تربیت اور خصوصی کمپنیوں کے درمیان تعاون کے شعبوں پر توجہ دی گئی ہے۔
 ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر توانائی کے پرامن استعمال کے سلسلے میں تعاون کی نئی جہتوں اور مختلف شعبوں میں مستقبل کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے پہلے فرانسیسی وزیر برائے یورپ اور خارجہ امور کیتھرین کولونا نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں اور حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کیتھرین  کولونا کے ریاض کے دورے سے پہلے فرانس کے وزیر برائے اقتصادیات، خزانہ، صنعتی اور ڈیجیٹل خودمختاری برونو لی مائیر نے سعودی دارالحکومت کا دورہ کیا تھا۔

معاہدے میں ڈیجیٹل تبدیلی، مشترکہ تحقیق کے شعبوں پر توجہ دی گئی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)

برونو لی مائیر نے سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے ملاقات کی جس میں ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے توانائی کے مختلف شعبوں بشمول قابل تجدید توانائی، کلین ہائیڈروجن اور برقی باہمی ربط میں تعاون کے شعبے میں تبادلہ خیال کیا۔
دسمبر میں عرب نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں فرانسیسی وزیر برائے فارن ٹریڈ اولیور بیچٹ نے بتایا کہ فرانس اور سعودی عرب کے درمیان تجارت کس طرح بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’ مملکت کے وژن 2030 کی ترجیحات کے مطابق فرانسیسی کمپنیاں سعودی معیشت میں اپنی سرمایہ کاری کو بڑھانے اور متنوع بنانے کے لیے پرعزم ہیں‘۔

شیئر: