Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمران اُردو میں قوم کو بتائیں کہ امریکہ سے معافی مانگ لی ہے‘

مریم نواز نے عمران خان پر جھوٹے بیانیے کا الزام لگایا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان مسلم لیگ ن کی سینیئر رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نے رجیم چینج بیانیے سے امریکہ کو بری کر کے ایک اور یوٹرن لے لیا ہے۔
منگل کو لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے عمران خان کے حالیہ انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب انہوں نے حکومت گرانے کا الزام سابق آرمی چیف جنرل باجوہ پر لگا دیا ہے۔
’اب جب وہ ریٹائرڈ ہو چکے ہیں اور خود کو ڈیفنڈ نہیں کر سکتے تو ان کو نشانے پر رکھ لیا۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر آپ امریکہ کے خلاف نہیں تھے تو قوم کو اس کے خلاف کیوں بھڑکایا، تعلقات کو کیوں خطرے میں ڈالا۔
انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’عوام کے سامنے آئیں اور اردو میں بتائیں کہ میں نے امریکہ سے معافی مانگ لی ہے۔‘
انہوں نے ’جیل بھرو تحریک‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور قرضے دیے اور آپ نے جیل بھرو تحریک پر لگا دیا۔‘
انہوں نے عمران خان پر جھوٹے بیانیے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو غدار کہا گیا۔
’جھوٹ کا نام بیانیہ رکھا، اس پر آپ کو کوئی شرمندگی ہے؟‘
مریم نواز نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے سامنے تو عمران خان کو بٹھانا چاہیے کیونکہ انہوں نے ہر چیز آئی ایم ایف کے ہاتھ میں دی۔
’اگر ہم آج معاہدے کی پابندی کرتے ہیں تو مہنگائی آتی ہے اگر نہیں کرتے تو ملک ڈیفالٹ کی نہج تک پہنچ جائے گا۔‘
مریم نواز نے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی لیک ہونے والی آڈیو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’اس سے عیاں ہے کہ یہ چاہتے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ ہو جائے۔‘
’ان کے دل کی آواز ہے کہ پاکستان سری لنکا بن جائے، اسی لیے بار بار نام لیتے ہیں۔‘
مریم نواز کے بقول ’سب سے زیادہ جھوٹے شخص کو صادق اور امین قرار دیا گیا۔‘
’میں اس ڈیم والے بابا جی کو ڈھونڈ رہی ہوں تاکہ ان سے پوچھوں کہ اسی کو سرٹیفکیٹ دیا تھا۔‘
 

شیئر: