Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھر میں گھسنے والے تیندوا 6 گھنٹے بعد پکڑا گیا، حملے میں چار زخمی

اسلام آباد میں واقع ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی (ڈی ایچ اے) کے ایک گھر میں تیندوا گھس آیا تھا جس کو وائلڈ لائف اور راولپنڈی ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے چھ گھنٹے سے زائد کی جدوجہد کے بعد زندہ پکڑ لیا۔
ریسکیو 1122 راولپنڈی کے ترجمان عثمان گجر نے رات گئے اردو نیوز کو بتایا کہ وائلڈ لائف، ریکسیو اور پولیس اہلکاروں کی مدد سے تیندوے کو زندہ پکڑ لیا گیا ہے۔ 
انہوں نے بتایا کہ وائلڈ لائف کی ٹیم گھر میں گھسنے والے تیندوے کو پکڑنے کے بعد ان کو لے کر ڈی ایچ اے سے روانہ ہوگئی ہے۔
تیندوے کو پکڑنے کی جدوجہد کے دروان ان کے حملے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ ان کے مطابق زخمیوں میں دو عام افراد اور دو وائلڈ لائف کی ٹیم کے ممبران شامل ہیں۔
قبل ازیں دن میں عثمان گجر نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ ریسکیو 1122 کو ڈی ایچ اے سیکٹر ٹو کے ایک گھر میں تیندوا گھسنے کی اطلاع ملی تھی۔
’اطلاع ملنے کے فوراً بعد ہماری ٹیم موقعے پر ہہنچ گئی جس کے بعد راولپنڈی وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کو اس کی اطلاع کر دی گئی۔‘
ریسکیو 1122 کی اطلاع کے بعد وائلڈ لائف کی ٹیم ڈی ایچ اے پہنچ گئی۔ وائلڈ لائف ٹیم پولیس، ریکسیو اہلکارو ں اور اسلام آباد انتظامیہ کے عملے کے ساتھ مل کر تیندوے کو پکڑنے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام ہوگئے۔ 
عثمان گجر نے بتایا تھا کہ تیندوا بھاگنے کی کوشش میں ریکسیو اہلکاروں اور وائلڈ لائف کی ٹیم پر حملہ آور ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد زخمی ہوگئے۔ 
ریکسیو عملے کے مطابق تیندوا بھاگ کر ڈی ایچ اے کے ایک اور گھر کے بسیمنٹ میں گھس گیا۔
جمعرات کی سہ پہر کو تیندوا گھر میں گھسنے سے پہلے  ایک شخص پر حملہ آور ہو کر اسے زخمی کیا۔ تھا۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ’واقعے کے دو منٹ کے اندر ہی ہماری ٹیم پہنچ گئی تھی۔ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کو اطلاع کر دی گئی۔‘
تیندوے کے گھر میں گھسنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
شہریار حسن نامی ٹوئٹر صارف نے تیندوے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ڈی ایچ اے سیکٹر ٹو میں تیندوا گھس آیا ہے۔ رہائشیوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ اختیاط کریں۔‘
ملک ریاض نامی صارف نے مختلف اینگل سے بنائی گئی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تیندوا ایک شخص پر حملے کرکے ان کو گرا رہا ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ڈی ایچ اے اسلام آباد اور گردونواح کے رہائشیوں سے گزارش ہے کہ گھروں میں رہیں۔‘
’قریب ہی ایک تیندوا دیکھا گیا ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف اور آئی سی ٹی انتظامیہ اس وقت تیندوے کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ پارکس اور عوامی مقامات بند رہیں گے۔‘

شیئر: