Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ندا ڈار ٹی20 میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی بولر بن گئیں

ندا ڈار ٹی20 میچز میں پاکستان سے تیز ترین 100 وکٹیں لینے والی بھی پہلی کھلاڑی تھیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی بولر بن گئی ہیں۔
ندا ڈار نے یہ اعزاز اتوار کو آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو وکٹیں حاصل کر کے اپنے نام کیا۔
36 سالہ آل راؤنڈر نے 129 ٹی20 میچز کھیل کر 125 وکٹیں حاصل کر لی ہیں جس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کی بولر انیسہ محمد کے ساتھ ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی مشترکہ بولر بن گئی ہیں۔
ندا ڈار جنوبی افریقہ میں جاری ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں اب تک تین میچز کھیل کر چار وکٹیں حاصل کر چکی ہیں۔
ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ندا ڈار اور انیسہ محمد کے ساتھ آسٹریلیا کی میگن شوٹ اور ایلیس پیری 122، 122 وکٹیں حاصل کر کے تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی ندا ڈار گزشتہ 13 برسوں سے پاکستان ویمنز ٹیم کا مستقل حصہ ہیں۔
آل راؤنڈر نے ستمبر 2010 میں ویسٹ انڈیز میں سری لنکا کے خلاف اپنا ٹی20 ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد وہ 129 ٹی20 مقابلوں میں 125 وکٹیں اور 1676 رنز بنا چکی ہیں۔

ندا ڈار ٹی20 میچز میں پاکستان کی جانب سے تیز ترین 100 وکٹیں لینے والی بھی پہلی کھلاڑی تھیں۔
لیڈی بوم بوم‘ کے نام سے مشہور ندا ڈار نے 2021 میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی جیتا تھا۔
اسی طرح انہوں نے رواں سال آئی سی سی ویمنز ٹی20 ٹیم آف دی ایئر میں بھی جگہ بنائی تھی۔
گزشتہ سال انہوں نے مختصر فارمیٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 کی اوسط سے 15 وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے سال 2022 میں 14 ٹی20 میچز کھیلے جن میں صرف تین میچز ایسے تھے جب وہ کوئی وکٹ نہ حاصل کر سکیں۔
ندا ڈار نے گزشتہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ میں روایتی حریف انڈیا کے خلاف 37 گیندوں پر 56 رنز بنانے کے ساتھ 23 رنز دے کر دو وکٹیں بھی حاصل کیں جس کے باعث پاکستان نے انڈیا کو شکست دے دی تھی۔

شیئر: