Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دو وکٹوں سے ہرا دیا

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کا پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے 21 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
اتوار کے روز راولپنڈی میں دونوں ٹیموں کے مابین میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کا پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیتنے کے لیے 180 رنز کا ہدف دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 180 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ صفر پر گر گئی۔ رحمن اللہ گرباز کو نسیم شاہ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔
ان کے بعد ایلکس ہیلز 12 رنز بنانے کے بعد نوین الحق کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ شاداب خان ابھی کریز پر قدم جما بھی نہ پائے تھے اور صرف 8 رنز ہی بنا پائے تھے کہ افتخار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کولن منرو نے 29 گیندوں پر چار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس کے بعد وہ محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
مبشر خان پانچ رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ آصف علی بھی کوئی کارکردگی نہ دکھا سکے اور انہیں چھ رنز پر محمد نواز نے بولڈ کر دیا۔
اعظم خان 25 گیندوں پر 35 رنز بنانے کے بعد عمید آصف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس سے قبل اگر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ کی بات کی جائے تو ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا۔ ان کے بعد حسن علی ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
آغاز میں ہی کوئٹہ نے  17 رنز پر چار وکٹیں گنوا دیں۔
جلدی وکٹیں گنوانے کے بعد محمد نواز اور نجیب اللہ زدران کے درمیان 64 گیندوں پر 104 رنز کی شراکت قائم کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پانچویں وکٹ 121 رنز پر گری جب محمد نواز فضل حق فاروقی کی گیند مبشر خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کے آخر میں ایک اور کیمیو دیکھنے میں آیا جب عمر اکمل نے 14 گیندوں پر پانچ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مضبوط کر دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نجیب اللہ زدران نے 59، محمد نواز نے 52 اور عمر اکمل نے 43 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے فضل حق فاروقی نے تین، فہیم اشرف نے دو اور رومان رئیس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شیئر: