اوپیک پلس کا خام تیل کی کم پیداوار پر قائم رہنے کا امکان
اوپیک پلس کا خام تیل کی کم پیداوار پر قائم رہنے کا امکان
بدھ 22 مارچ 2023 19:20
معاہدے کے مطابق ماسکو پانچ لاکھ بیرل یومیہ پیداوار میں کٹوتی جاری رکھے گا۔ فوٹو عرب نیوز
پیٹرولیم برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک اور اتحادی اوپیک پلس ممکنہ طور پر سال کے آخر تک 20 لاکھ بیرل یومیہ کی پیداوار میں کٹوتیوں کے معاہدے پر قائم رہیں گے۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق پروڈیوسر گروپ کے تین مندوبین نے بتایا ہے کہ بینکنگ بحران کے باعث خام تیل کی قیمتیں گرنے کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
بینکنگ بحران کے باعث پیر کو خام تیل کی قیمتیں 15 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ واضح رہے کہ بدھ کی صبح برینٹ کروڈ تقریباً 75 ڈالر فی بیرل ٹریڈ کر رہا تھا۔
گزشتہ اکتوبر میں اوپیک پلس جس میں روس بھی شامل ہے نے بڑے صارفین کے پیداوار میں اضافے کے مطالبے کے باوجود نومبر سے 2023 کے آخر تک پیداوار میں 2 ملین بیرل یومیہ کی زبردست کمی پر اتفاق کیا تھا۔
اس فیصلے نے برینٹ خام تیل کو 100 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچانے میں مدد کی لیکن قیمتیں تب سے ہی دباؤ میں آ گئی ہیں کیونکہ بلند افراط زر کا مقابلہ کرنے کے لیے سود کی بڑھتی ہوئی شرح سے تیل کی طلب میں اضافے کو روکنے کا خطرہ ہے۔
تیل کی گرتی ہوئی قیمتیں اوپیک گروپ کے بیشترممالک کے لیے ایک مسئلہ ہیں کیونکہ ان کی معیشتیں تیل کی آمدنی پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہیں۔
روس کے نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک نے منگل کو کہا ہے کہ ماسکو پانچ لاکھ بیرل یومیہ پیداوار میں کٹوتی جاری رکھے گا جس کا اعلان گزشتہ ماہ کیا گیا تھا اور یہ کٹوتی جون کے آخر تک جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ چین میں عالمی وبا کورونا کی پابندیوں میں نرمی سے دنیا کے سب سے بڑے تیل درآمد کنندہ کی جانب سے مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔
ہیج فنڈ اینڈ ورنڈ کیپٹل کے بانی پیئر اینڈ ورنڈ نے رواں سال کے آخر تک برینٹ خام تیل کی ممکنہ قیمت 140 ڈالر فی بیرل کی پیش گوئی کی ہے ۔
اوپیک نے اپنی حالیہ ماہانہ رپورٹ میں اس سال چینی تیل کی طلب میں اضافے کے لیے اپنی پیشن گوئی اپ گریڈ کی ہے لیکن عالمی طلب میں اضافے کے لیے تخمینہ 2.32 ملین بیرل یومیہ برقرار رکھا ہے۔
واضح رہے کہ اوپیک پلس اپنی وزارتی کمیٹی کا ورچوئل اجلاس 3 اپریل کو منعقد کرنے والا ہے جس میں روس اور سعودی عرب شامل ہیں جب کہ 4 جون کو ویانا میں مکمل وزارتی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔