Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈین ناظم الامور کی انسانی خدمات کےلیے مملکت کے کردار کی تعریف

شاہ سلمان مرکز امدادی سامان کی تقسیم جاری رکھے ہوئے ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے جنرل سپروائزر عبداللہ الربیعہ نے ریاض میں سعودی عرب میں کینیڈا کے سفارت خانے کے ناظم الامور سے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے انسانی ہمدردی اور امدادی امور سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
کینیڈا کے سفارت خانے کے ناظم الامور نے مملکت کے اہم انسانی کردار کے علاوہ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے بین الاقوامی ردعمل اور اس کی امداد کی تعریف کی۔
دریں اثنا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی شام کے شہر ادلب میں زلزلے سے متاثر ہونے والوں میں مختلف امدادی سامان کی تقسیم جاری ہے۔
شاہ سلمان مرکز نے تقریباً 34 سونے کے گدے، 34 کمبل اور 17 شیلٹر ٹینٹ تقسیم کیے گئے، جس سے زلزلے سے متاثرہ 17 خاندانوں کو فائدہ پہنچا۔
شاہ سلمان مرکز نے لبنان کے بیقا گورنریٹ میں واقع ارسل قصبے میں شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں کے ساتھ ساتھ میزبان برادری میں 84 ٹن سے زیادہ فوڈ باسکٹس تقسیم کیں۔
شاہ سلمان مرکز نے بنگلہ دیش میں سال 2023 کے لیے فوڈ باسکٹ پروجیکٹ کے حصے کے طور پر نوابارا، اسلام پور اور جمال پور اضلاع میں 24 ٹن فوڈ باسکٹس تقسیم کیں جس سے ایک ہزار  خاندانوں کو فائدہ پہنچا۔
یہ  اینیشیٹیوز انسانی اور امدادی کوششوں کی توسیع کے طور پر سامنے آئے ہیں جو مملکت شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے ذریعے دنیا بھر میں مختلف بحرانوں سے متاثرہ لوگوں اور ممالک کو ریلیف فراہم کرتی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 87 ممالک میں مختلف قسم کے  دو ہزار 208  امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔  ان منصوبوں پر 6  بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام 341 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 229 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔

شیئر: