Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہزاروں انڈین خواتین رواں سال محرم کے بغیر فریضہ حج ادا کریں گی

انڈین حکام نے نئے حج پالیسی میں مزید شفافیت لانے کے لیے وی آئی پی کوٹہ ختم کیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں رواں سال چار ہزار 314 خواتین نے بغیر کسی محرم کے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے رجسٹریشن کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ یہ ملک سے فریضہ حج کے لیے سعودی عرب جانے والے خواتین کی سب سے بڑی تعداد ہے جو بغیر کسی مرد محرم کے سفر حج کریں گی۔
ہندو اکثریت کے ملک میں 20 کروڑ سے زائد مسلمان ہیں جو کہ کسی بھی ملک کی سب سے بڑی مسلم اقلیت ہے۔
2023 کے حج کوٹہ کے مطابق ایک لاکھ 75 ہزار مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے رواں سال جون میں سعودی عرب کا سفر کریں گے۔
ان عازمین حج میں ایسے خواتین بھی پہلی مرتبہ سعودی عرب جائیں گی جو کہ اکیلی بغیر کسی مرد محرم کے سفر حج کریں گی۔ یہ گذشتہ سال سعودی حکومت کی جانب سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے خواتین کے ساتھ مرد محرم کے سفر کی لازمی شرط ختم کرنے کے بعد ہو رہا ہے۔
انڈین حکومت نے اس فیصلے کی روشنی میں اپنی حج پالیسی میں تبدیلی کی ہے اور پیر کو عازمین حج کی لسٹ جاری کی۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق رواں سال بغیر مرد محرم والی کیٹگری میں چار ہزار 314 خواتین حج ادا کریں گی۔
انڈیا کے حج کمیٹی کے چیئرمین اے پی عبداللہ کٹی نے عرب نیوز کو بتایا کہ رواں سال اتنی بڑی تعداد میں خواتین کا اکیلے حج کے لیے جانا سماجی تبدیلی  کا مظہر ہے۔
’یہ اچھی علامت ہے۔ یہ خواتین کی کو بااختیار بنانے کا ایک قدم ہے خصوصاً انڈیا کے مسلمان خواتین کو۔‘

حکومتی اعلامیے کے مطابق رواں سال ’بغیر مرد محرم‘ والی کیٹگری میں چار ہزار 314 خواتین حج ادا کریں گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

لکھنئو کے رہائشی شائستہ امبار ان خواتین میں سے ہیں جنہوں نے  حج کے لیے اپلائی کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’کورونا کی وجہ سے میں نے اپنے خاوند کو کھو دیا تھا لیکن میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانے کی امیدوں کو نہیں کھویا اور روں سال میں نے محرم کے بغیر حج کی ادائیگی کے لیے اپلائی کیا۔‘
ان کے مطابق ’خواتین کافی عرصے سے حج کمیٹی کے قواعد کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کر رہی تھی کیونکہ قرآن نے خواتین کو تعلیم حاصل کرنے اور آزادی کا حق مردوں کے برابر دیا ہے۔‘
انڈین حکام نے نئے حج پالیسی میں مزید شفافیت لانے کے لیے وی آئی پی کوٹہ ختم کیا ہے جس کے تحت حکومتی اہلکاروں کے لیے 500 سیٹیں مختص تھی۔
ان عازمین کو زرمبادلہ ان کی ضرورت کے مطابق فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جاتے تھے۔
عبداللہ کٹی کے مطابق اللہ کے سامنے سب برابر ہیں۔ ’عازمین کے انتخاب کے طریقہ کار میں مکمل شفافیت ہے۔ کمیٹی کا مقصد انڈین عازمین کے سفر حج کو ہرممکن طور پر آرام دہ بنانا ہے۔‘

شیئر: