Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی اور شامی وزرائے خارجہ کی ملاقات، مشترکہ اعلامیہ جاری

 شامی وزیر خارجہ نے دورہ اپنے سعودی ہم منصب کی دعوت پر کیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور شامی ہم منصب ڈاکٹر فیصل المقداد کی ملاقات کے بعد بدھ کی رات دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔
وزرائے خارجہ کے درمیان مذاکرات میں شامی بحران کے سیاسی حل تک رسائی کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق فریقین نے شام اور سعودی عرب کے درمیان فضائی پروازوں اور قونصلیٹ خدمات کی بحالی کی کارروائی کا خیر مقدم کیا۔
شام نے زلزلہ زدگان کے لیے انسانیت نواز امداد اور شامی بحران ختم کرانے سے متعلق کاوشوں پر سعودی عرب کی ستائش کی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ’ فریقین نے شامی بحران کے جامع سیاسی تصفیے کے لیے ضروری اقدامات پر غوروخوض کیا‘۔ 
 اس خواہش کا اظہار کیا گیا کہ’ شامی بحران کا ایسا سیاسی جامع حل ہو جس سے تمام مسائل ختم ہوں۔ قومی مصالحت عمل میں آئے۔ شام عرب لیگ میں موثر کردار ادا کرے اور عرب دنیا میں اس کا کردار بحال ہو‘۔ 
اعلامیے میں کہا گیا کہ’ فریقین نے ہر طرح کی دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کے انسداد اور امن کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ نشہ آور اشیا کی سمگلنگ اور کاروبار کے انسداد کے سلسلے میں ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کیا جائے گا‘۔
شام میں مسلح ملیشیاؤں کا وجود ختم کرنے اور شام کے داخلی امور میں بیرونی مداخلت بند کرانے کے لیے شام کے ریاستی اداروں کی مدد کی ضرورت سے اتفاق کیا گیا ہے۔
فریقین نے انسانی مسائل کے حل، شام کے تمام علاقوں کے باشندوں تک امدادی سامان کی رسائی کے مناسب ماحول کی فراہمی، شامی پناہ گزینوں کی اپنے علاقوں میں واپسی، ان کے مصائب کے خاتمے، انہیں محفوظ طریقے سے اپنی بستیوں تک واپسی کا موقع فراہم کرنے کے لیے مناسب طریقہ کار فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
طے کیا گیا کہ ایسے مزید اقدامات کیے جائیں جن سے شام کے ہر علاقے میں استحکام پیدا ہو۔ 
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ شامی وزیر خارجہ ڈاکٹر فیصل المقداد نے سعودی عرب کا دورہ اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کی دعوت پر کیا ہے۔ 

شیئر: