Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سارہ علی خان اور اننیا پانڈے کرن جوہر کے گھر جا کر آڈیشن دے سکتی ہیں‘

سونم باجوہ بتایا ہے کہ کیسے بالی وُڈ اداکاراؤں کے پاس فلم میکرز تک براہ راست رسائی ہے، جو کہ اُن کے پاس نہیں ہے (فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)
انڈین پنجابی اداکارہ سونم باجوہ نے کہا ہے کہ بالی وُڈ اداکارہ سارہ علی خان اور اننیا پانڈے ہدایتکار کرن جوہر کے گھر جا سکتی ہیں اور آڈیشن دے سکتی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق سونم باجوہ نے سارہ علی خان اور اننیا پانڈے کو ملنے والی اس سہولت کو حاصل کرنے پر کھل کر بات کی ہے۔
سونم باجوہ، جو اپنی نئی پنجابی فلم ’گوڈے گوڈے چاہ‘ کی ریلیز کے لیے تیاریوں میں مصروف ہیں، نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا ہے کہ کیسے بالی وُڈ اداکاراؤں کے پاس فلم میکرز تک براہ راست رسائی ہے، جو کہ اُن کے پاس نہیں ہے۔
سونم باجوہ جو کہ پنجابی فلموں میں کام کرتی ہیں، وہ تیلگو اور تامل فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں جبکہ وہ ہندی فلموں سے دُور رہی ہیں۔
بالی وُڈ بَبل کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں جب اُن سے پوچھا گیا کہ کوئی ایک چیز ایسی ہے جو وہ چاہتی ہیں کہ وہ نوجوان اداکاراؤں سے لے لیں، جب سارہ علی خان اور اننیا پانڈے کا نام لیا گیا تو انہوں نے پہلے تو کہا ’کچھ نہیں۔‘
اس کے بعد وہ بولیں کہ ’وہ (سارہ اور اننیا) کرن جوہر کے گھر پر جا سکتی ہیں اور بات کر سکتی ہیں اور آڈیشن دے سکتی ہیں۔ اگر وہ سب مجھے بھی کرنے کو مل جائے تو پھر اچھا ہے۔‘
دوسرے انٹرویو میں پنجابی سپر سٹار نے ہندی فلموں کے بارے میں کُھل کر بات کی اور بالی وُڈ میں کام کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہیں 2020 میں اداکار ورن دھون کی فلم ’سٹریٹ ڈانسر تھری ڈی‘ کے گانے سِپ سِپ 2.0 میں جلوہ گر ہونا تھا، تاہم ان کا گانا فلم سے نکال دیا گیا تھا۔
گزشتہ ماہ یوٹیوبر سدھارتھ کنن سے انٹرویو میں انہوں نے اس بارے میں کہا کہ ’مجھے بہت بُرا لگا۔ پہلے تو میں گانا کرنا نہیں چاہتی تھی۔ لیکن ٹیم چاہتی تھی کہ میں کروں۔ ریمو ایک سینیئر آرٹسٹ، ہدایتکار اور کوریوگرافر ہیں۔ ورن دھون سے سب پیار کرتے ہیں۔ میں کشمش میں تھی کہ میں گانا کروں یا نہ کروں۔ لیکن پھر انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا، تب میں نے گانا کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن جب اس گانے کو فلم کی حتمی ایڈٹ میں شامل نہیں کیا گیا تو میں شدید مایوس ہوئی۔‘
سونم باجوہ کو حالیہ دِنوں میں ’دی انٹرٹینرز‘ کے دورہ امریکہ پر دیکھا گیا تھا جہاں ان کے ساتھ اکشے کمار، دیشا پتانی، نورا فتیحی، مونی روئے اور بقیہ سپر سٹارز بھی موجود تھے۔
خیال رہے کہ رواں سال اُن کی نئی فلم ’کیری آن جٹا تھری‘ بھی ریلیز ہوگی۔ اس فلم کے ذریعے وہ پنجابی انڈسٹری کے سپر سٹار گِپی گریوال کے ساتھ ایک مرتبہ پھر سے  بڑے پردے  پر نظر آئیں گی۔ 

شیئر: