Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’زیادہ دور نہ جائیں، سعودی عرب کی سیاحت کریں‘

سعودی ٹورازم اتھارٹی نے ’ری تھنک سمر' مہم کا آغاز کیا ہے( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب مسافروں کو رواں موسم گرما کے دوران گرمی کو شکست دینے اور مملکت کے منفرد اور متنوع مقامات کو دریافت کرنے پر آمادہ کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ٹورازم اتھارٹی نے اپنی ’ری تھنک سمر' مہم میں زور دیا ہے کہ ’زیادہ دور نہ جائیں، سعودی عرب‘ کا دورہ کریں۔
اتھارٹی نے ریاض میں لانچ ایونٹ کے موقع پر حکومت اور نجی شعبے کے اہم شراکت داروں کو جمع کیا۔
اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ ’ یہ مہم وژن کو یکجا کرنے،نجی شعبے کو بااختیار بنانے اور فراہم کردہ منزلوں، مصنوعات، تجربات، پیشکشوں اور پیکجوں کی تیاری کو حتمی شکل دینے کی کوششوں کا نتیجہ ہے‘۔
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے ٹویٹ کیا کہ ’ہم نے مل کر سعودیوں اور دنیا بھر کے دوستوں کے لیے موسم گرما کی تعطیلات کے مختلف مقامات کی نمائش کی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ سعودی عرب آج دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی منزل ہے جس میں سال بھر دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی میزبانی کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ہمیں سعودی عرب کے خوبصورت تنوع کو دنیا کے ساتھ بانٹنے کے لیے ’ری تھنک سمر‘ مہم شروع کرنے پر خوشی ہو رہی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ تفریحی پروگرام سب کے لیے ہوں گے۔ نجی شعبے میں ہمارے شراکت دار اس مہم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جو اندرون ملک پروازوں کے لیے 1.8 ملین سے زیادہ اضافی نشستیں، 15 ہزار سے زیادہ نئے ہوٹل کے کمرے اور 100 سے زیادہ مصنوعات جو ہمارے تمام مہمانوں کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ یہ نجی شعبے کا اب تک کا سب سے بڑا تعاون ہے‘۔
اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم کی تازہ ترین درجہ بندی میں سعودی عرب 16 درجے بہتری کے ساتھ 13 نمبر پر  آ گیا ہے۔
ورلڈ ٹورازم بیرومیٹر کے مطابق مملکت نے 2022 میں 16.6 ملین سیاحوں کا خیر مقدم کیا جبکہ 2021 میں یہ تعداد 3.5 ملین تھی۔ ’
مملکت نے 2022 میں بین الاقوامی ٹورازم ریونیو انڈیکس میں 16 درجے ترقی کی ہے۔سعودی حکومت عالمی سطح پر بین الاقوامی ٹورازم ریونیو انڈیکس میں 11 ویں نمبر پر پہنچ گئی جو 2019 میں 27 ویں نمبر پر تھی۔
سعودی وژن 2030 کا مقصد اس دہائی کے آخر تک 100 ملین زائرین کو  سعودی عرب آنے کے لیے راغب کرنا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق 2023  کی پہلی سہ ماہی میں سعودی عرب میں 7.8 ملین بین الاقوامی سیاح آئے جو اب تک کا سب سے زیادہ ریکارڈ ہے۔

شیئر: