Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی سی سی کا سوڈان میں جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم 

خلیجی ممالک مکالمے کے ذریعے مسائل حل کرنے کی سفارتی کوشش کے ساتھ  ہیں( فوٹو: اے ایف پی)
خلیجی تعاون کونسل  (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے سوڈانی افواج اور نیم فوجی گروپ کے درمیان جدہ میں طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق  جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے سعودی عرب اور امریکہ  کے نئے سفارتی مشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’دونوں ملکوں نے سوڈان میں جنگ بندی اور قیام امن کے مواقع کے دروازے کھولنے کے لیے ملکر کام کیا‘۔ 
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے سوڈان کے حوالے سے 32 ویں عرب سربراہ کانفرنس کی قرارداد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’عرب قائدین نے اس امر پر زور دیا تھا کہ سوڈانی بحران ختم کرانے کے لیے جدہ میں متحارب سوڈانی فریقوں کے درمیان مذاکرات کو بنیاد بنایا جاسکتا ہے۔ عرب قائدین نے کشیدگی کم کرنے اور مکالمے کا راستہ اختیار کرنے کا مطالبہ کیا تھا‘۔ 
جاسم محمد البدیوی نے کہا کہ ’خلیجی ممالک مکالمے کے ذریعے مسائل حل کرنے کی خاطر ہر سفارتی کوشش کے ساتھ  ہیں‘۔ 
’جی سی سی ممالک چاہتے ہیں کہ سوڈانی عوام جنگوں اور تصادم کی ہولناکیوں سے محفوظ  رہیں‘۔ 
انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ’سوڈان امن و امان کا گہوارا بن جائے  تاکہ ریاستی ادارے اپنا کردار ادا کریں اور سوڈانی عوام کے  لیے پائدار اور ہمہ جہتی ترقی کے لیے کام کریں‘۔  
یاد رہے کہ سوڈان کے متحارب فوجی دھڑوں نے ایک نئی قلیل مدتی جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ اعلان امریکی اور سعودی ثالث کاروں نے کیا۔ اس سے قبل سوڈان میں جنگ بندی کی کئی کوششیں ناکام ہوئیں۔
امریکہ اور سعودی عرب نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ساحلی شہر جدہ میں سوڈان کی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز نے سات روزہ جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کیے جو پیر کی رات مقامی وقت کے مطابق 9:45 بجے سے نافذ ہو گی۔
بیان کے مطابق’ اگر دونوں فریقین متفق ہوتے ہیں تو جنگ میں توسیع کی جا سکتی ہے‘۔

شیئر: