Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارتی ادارے کے کارکنوں کا پروفیشنل پرمٹ یکم جون سے ضروری

وزارت کا کہنا ہے کہ اقدام سے تجارتی اداروں کو بھی فائدہ ہو گا (فوٹو عاجل)
سعودی وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور نے تجارتی اداروں پر آئندہ ماہ سے نئی پابندی عائد کردی ہے۔
یکم جون 2023 سے 40 قسم کی تجارتی سرگرمیوں کے کارکنوں کے پروفیشنل پرمٹ جاری کرانے ہوں گے۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور نے توجہ دلائی ہے کہ ’تجارتی ادارے اپنے کارکنان کے پروفیشنل پرمٹ ’بلدی‘ پورٹل کے ذریعے آن لائن جاری کرا سکتے ہیں۔‘ 
وزارت بلدیات کا کہنا ہے کہ ’پیشہ ورانہ کاروبار کی بنیادی شرط یہ ہے کہ ملازم پروفیشنل پرمٹ ہولڈر ہو۔ اس کے بغیر تجارتی اداروں کو نہ تو کاروباری پرمٹ جاری ہوں گے اور نہ ہی پرمٹ میں توسیع ہو گی۔‘ 

پہلے مرحلے میں ایک پروفیشنل پرمٹ ہولڈر کارکن ضروری ہوگا۔ (فوٹو المدینہ اخبار)

وزارت کا کہنا ہے کہ ’پہلے مرحلے میں کم از کم ایک پروفیشنل پرمٹ ہولڈر کارکن رکھنا ضروری ہو گا۔‘ 
وزارت کا کہنا ہے کہ ’پروفیشنل پرمٹ سرٹیفکیٹ یا تجربے اور ضروری مہارت کے ثبوت فراہم کرنے پر ہی دیا جائے گا۔‘ 
وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور نے تجارتی اداروں کے مالکان سے کہا ہے کہ ’وہ بلدی پورٹل کے ذریعے اپنے ملازمین کے پروفیشنل پرمٹ جلد از جلد جاری کرالیں ورنہ تجارتی اداروں کے کاروباری پرمٹ کی توسیع نہیں ہو گی۔‘ 
وزارت نے توجہ دلائی ہے کہ ’پروفیشنل پرمٹ ہولڈر تجارتی اداروں کو صارفین کا اعتبار حاصل ہو گا اور ان کی مسابقت کی حیثیت مضبوط ہو گی۔ پرمٹ ہولڈر کو بھی متعدد فائدے ہوں گے۔ نقصانات کی صورت میں انہیں معاوضہ ملے گا۔‘ 
دریں اثنا وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے اس سے قبل کہا تھا کہ 81 پیشوں میں پروفیشنل ٹیسٹ سرٹیفکیٹ جاری ہو گا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: