Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نئی زندگی مل گئی‘، ممتاز خان 53 برس بعد اپنے خاندان سے کیسے ملے؟

خیبرپختونخوا کے ضلع اپر دیر سے تعلق رکھنے والا ممتاز خان 53 سال بعد اپنے گھر کو لوٹا دام جبر گاوں کا رہائشی چھوٹی عمر میں محنت مزدوری کے لئے کراچی گیا تھا پھر وہاں سے بہتر روزگار کی تلاش میں ایران چلا گیا اور وہیں سکونت اختیار کی۔
ممتاز خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ 1970 سے اس کا اپنے گھروالوں سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا اسے صرف والد اور گاؤں کا نام یاد تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں ہی نوکری کی اور شادی کرکے زندگی بسر کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میرے چار بچے ہیں اور خوشگوار زندگی گزار رہا ہوں۔‘
ممتاز خان کے مطابق وہ گزشتہ کچھ سالوں سے بیمار رہنے لگے تھے جس کے بعد انہیں گھر والوں کی یاد ستانے لگی۔
وہاں کے لوگوں سے اپنے گاؤں اور گھر کا تذکرہ کرتا رہتا تھا پھر ایک دن نوجوان کو جب اپنی کہانی سنائی تو اس نے میری ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی۔

ممتاز خان کا اپنے بھائیوں سے رابطہ کیسے ہوا ؟

کچھ ماہ پہلے سوشل میڈیا پر اپنے رشتہ داروں کے ساتھ ملنے کے لیے ممتاز خان نے ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس کے بعد ان کے بھائیوں نے اپنے لاپتہ بھائی کو ایران سے پاکستان لانے کے لیے کوششیں کیں اور واپس لانے میں کامیاب ہو گئے۔

ممتاز خان کا کہنا ہے کہ ’ایسا لگتا ہے جیسے 53 برس بعد نئی زندگی مل گئی ہو۔‘

ممتاز خان نے بتایا کہ ’اج میں بہت خوش ہوں، ایسا لگتا ہے جیسے 53 برس بعد نئی زندگی ملی ہے۔‘

گاؤں میں جشن کا سماں

نصف صدی سے زائد لاپتہ رہنے والا بچہ جب بڑھاپے کی عمر میں گھر لوٹا تو گاؤں میں چھوٹے بڑوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ پھولوں کے ہار پہنانے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔
ممتاز کے بھائی شہاب الدین کا کہنا تھا کہ اج وہ بہت زیادہ خوش ہے پورے گاؤں میں  خوشیاں لوٹ ائی ہیں ان کا کہنا تھا کہ ’میں جب تیسری جماعت کا طالب علم تھا تو میرا بڑا بھائی گھر سے چلا گیا تھا۔‘
’کراچی جانے کے بعد اس کا کوئی آتا پتہ نہ تھا۔ اج میں 60 سال کی عمر میں دوبارہ اپنے بھائی کو دیکھ رہا ہوں۔ اپ میرے احساسات کا اندازہ لگالیں۔‘
مقامی صحافی ناصر زادہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ممتاز خان کے واپس آنے پر پورے گاؤں میں جیسے عید کا ماحول تھا، سب لوگ مبارکباد دینے ممتاز خان کے گھر گئے۔ اس دن سب کو دعوت دی گئی اور ختم قرآن کا انعقا کر کے اللہ کا شکر ادا کیا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ممتاز کے بھتیجے اور بھانجوں نے بھی اپنے چاچا کی واپسی پر خوب جشن منایا۔

شیئر: