Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرین حادثہ سگنل سسٹم میں خرابی کے باعث ہوا: انڈین وزیر ریلوے

انڈیا میں یومیہ 12 ملین سے زائد افراد 14000 ٹرینوں میں سفر کرتے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
انڈیا کی ریاست اوڈیشہ میں ٹرین حادثہ الیکٹرانک سگنل سسٹم میں خرابی کی وجہ سے پیش آیا، جب ٹرین ٹریک بدلتے ہوئے پٹری سے اتر گئی جس کے باعث 300 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق وزیر ریلوے اشونی وشنو نے نئی دہلی ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ حادثے کی وجہ اور دیگر تفصیلات تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔
وزیر ریلوے نے بتایا ہے کہ ٹکرائی جانے والی مسافر ٹرینوں کا ملبہ ہٹانے کے بعد اتوار کے روز سگنلنگ سسٹم میں خرابی کا انکشاف ہوا ہے۔
انڈیا کی مشرقی ریاست اوڈیشہ کے ضلع بالاسور میں جمعہ کی رات کو ہونے والا حادثہ کئی دہائیوں میں ملک کے بڑے ریل حادثات میں سے ایک ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ  کورومنڈیل ایکسپریس کو مین ٹریک میں داخل ہونے کا سگنل دیا گیا جو بعد میں ہٹا دیا گیا اور ٹرین ملحقہ لوپ لائن میں چلی گئی جہاں مال گاڑی سے جا ٹکرائی۔
اس تصادم سے کورومنڈیل ایکسپریس کی بوگیاں دوسرے ٹریک پر الٹ گئیں، جس سے مخالف سمت سے آنے والی یسونت پور ہاؤڑا ایکسپریس ان بوگیوں سے ٹکرا گئی۔
حادثے کا شکار ہونے والی دونوں مسافر ٹرینوں میں کل دو ہزار 296 مسافر سوار تھے۔

انڈین ریلوے کو ہر سال کئی سو حادثات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

مال گاڑیوں کو اکثر سٹیشن کے قریب ملحقہ لوپ لائن پر روک کر مسافر ٹرینوں کو گزرنے کا راستہ دیا جاتا ہے۔
اوڈیشہ میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ڈائریکٹر جنرل سدھانشو سارنگی نے  بتایا  کہ ملبے کی صفائی کا کام اتوار کی صبح مکمل کر لیا گیا ہے تاہم ٹرین کے انجن سے کوئی لاش نہیں ملی۔
واضح رہے کہ 1.42 بلین آبادی والے ملک کے وزیراعظم نریندر مودی  انڈیا میں برطانوی دور کے ریل ٹریک نیٹ ورک کو جدید بنانے پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔

ٹرین حادثہ کئی دہائیوں میں انڈیا کے بڑے ریل حادثات میں سے ایک ہے۔ فوٹو اے پی

دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں ٹرین کی سفر کے لیے حفاظتی اقدامات کی حکومتی کوششوں کے باوجود انڈین ریلوے کو ہر سال کئی سو حادثات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق  انڈیا میں یومیہ 12 ملین سے زیادہ افراد تقریبا 14000 ٹرینوں میں سفر کرتے ہیں، یہ ٹرینیں ملک بھر میں 64,000 کلومیٹر (40,000 میل) ٹریک پر دوڑتی ہیں۔

شیئر: