Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی مکہ کے ڈاکٹروں نے پاکستانی سمیت کئی حجاج کی جان بچا لی

الجزائری حجن کی بھی انجیو گرافی کی گئی۔ (فوٹو اخبار 24)
مکہ میں کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے ڈاکٹروں نے پاکستانی سمیت کئی ممالک کے حجاج کی جانیں بچائی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز ایک پاکستانی حاجی کی زندگی بچانے میں کامیاب رہے جسے الحرم ایمرجنسی سینٹر تھری سے میڈیکل سٹی بھیجا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق پاکستانی حاجی کے سینے میں درد تھا۔ میڈیکل سٹی کے ڈاکٹروں نے فوری طور پر اسے امراض قلب کے مرکز منتقل کر دیا تھا جہاں پر ہنگامی بنیاد پر اس کی انجیو گرافی کی گئی اور پھر پاکستانی حاجی کا علاج مکمل کیا گیا۔ اب اس کی حالت تسلی بخش ہے۔
کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے ماتحت امراض چشم کے مرکز کے ڈاکٹرز کینیا کے ایک حاجی کی بینائی بحال کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ کینیا کا حاجی عمر کے پانچویں عشرے میں ہے۔ 
کینیا کے حاجی کو ایمرجنسی وارڈ لایا گیا تھا۔ طبی عملے نے معائنہ کیا اور ٹیسٹ رزلٹ آنے پر فوری آپریشن کا فیصلہ کیا۔ کینیا کا حاجی بینائی سے محروم ہو گیا تھا۔ 
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے ڈاکٹر نظر کا نظام خراب ہو جانے والے کیسز اچھے انداز میں نمٹا رہے ہیں۔ تجربے کار ڈاکٹرز ہیں اور سعودی حکومت نے مقامی شہریوں اور ضیوف الرحمن کی خدمت کے لیے جدید ترین مشینیں مہیا کیے ہوئے ہے۔ 
اجیاد ایمرجنسی ہسپتال کا طبی عملہ الجزائر کی ایک حجن کی زندگی بچانے میں کامیاب ہو گیا۔ حجن کے دل میں خون جم گیا تھا وہ عمر کے ساتویں عشرے میں ہے۔ 
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ  اجیاد ہسپتال کے ڈاکٹروں نے ہنگامی بنیاد پر الجزائری حجن کو ابتدائی طبی امداد مہیا کی اور اس کی انجیو گرافی کے لیے کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی بھجوا دیا تھا۔ جہاں حجن کی حالت اب بہتر ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: