سعودی پریس ایجنسی نے منگل کی رات وزارت خارجہ کے ایک ذریعے کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ’ قدرتی وسائل اور میری ٹائم تقسیم شدہ علاقے میں الدرہ گیس فیلڈ خصوصی طور پر سعودی عرب اور کویت کی ملکیت ہے‘۔
ایس پی اے کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ ’سعودی عرب نے ایران سے ریاض اور کویت کے ساتھ مشرقی سرحد کی حد بندی کےلیے بات چیت شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے‘۔
قبل ازیں کویت کی خبر رساں ایجنسی کونا کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ کویت نے بھی الدرہ گیس فیلڈ پر ایران کے دعوی کو مسترد کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا تھا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ اپنے قدرتی وسائل پر خصوصی حقوق کا مالک ہے۔
سعودی عرب کی طرح کویت نے بھی ایران سے اپنی سمندری سرحدوں کی حد بندی پر مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا جب تہران نے کہا تھا کہ وہ فیلڈ میں ڈرلنگ شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔
کویت کے وزیر پٹرولیم سعد البراک کا کہنا تھا کہ ’ہم الدرہ آف شور گیس فیلڈ کے احاطے کے ارد گرد ایران کی منصوبہ بندی کے تحت سرگرمیوں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں‘۔