اسرائیل میں ملازمت کرنے والے پانچ پاکستانی گرفتار، 3 کی تلاش
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ دیگر ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں (فوٹو: ایف آئی اے)
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کرائم سرکل میرپور خاص نے اسرائیل میں ملازمت کرنے والے پانچ پاکستانیوں کو گرفتار کیا ہے۔
بدھ کو ترجمان ایف آئی اے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ دیگر تین ملزموں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
’یہ افراد تل ابیب میں بطور ہیلپر اور کار واشر ملازمت کرتے رہے اور چار سے سات برس تک وہیں مقیم رہے۔‘
ترجمان کے مطابق ’ملزموں نے اسرائیلی ایجنٹ کے ذریعے انٹری حاصل کی تھی اور اس کے لیے ایجنٹ کو تین سے چار لاکھ روپے فی کس ادا کیے تھے۔‘
گرفتار کیے جانے والے افراد میں نعمان صدیقی، کامل انور، کامران صدیقی، محمد ذیشان اور محمد انور شامل ہیں۔
ملزموں کا تعلق میرپور خاص سے ہے۔
ایف آئی آئے کا کہنا ہے کہ ’ملزم شینگن ویزے پر اردن ایئرپورٹ سے اسرائیل داخل ہوتے تھے۔‘
ایف آئی اے کے مطابق پکڑے جانے والے لوگ ویسٹرن یونین سے پاکستان پیسے بھجواتے رہے۔
وطن واپسی کے لیے وہ دبئی کے راستے اردن ایئرپورٹ سے کراچی آتے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ’ملزم ترکی، کینیا سری لنکا کے راستے بھی اسرائیل جاتے رہے۔‘
’ملزموں کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ اور امیگریزن آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔‘
ایف آئی ترجمان کے مطابق ’دیگر ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔‘