Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے وزیر برائے خارجہ امور کا انٹونی بلنکن سے ٹیلی فونک رابطہ

وزیر برائے خارجہ امور شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے تاریخی قراداد پر امریکہ کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ فوٹو: اے ایف پی
متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے خارجہ امور شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کا امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹیجک تعلقات، مختلف شعبوں میں مشترکہ شراکت داری اور تعاون پر بات چیت ہوئی۔
عرب نیوز کے مطابق شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا ہے کہ ایک تاریخی قراردار کے لیے امریکہ کی جانب سے فراہم کردہ حمایت کی قدر کرتے ہیں جو برداشت، عالمی امن اور سکیورٹی کے فروغ کے لیے گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے منظور کی تھی۔
قرارداد کا مسودہ متحدہ عرب امارات اور برطانیہ نے تیار کیا تھا جس میں پہلی مرتبہ تسلیم کیا گیا ہے کہ نفرت انگیز تقریر، عدم برداشت اور شدت پسندی تنازعات کو جنم دیتی ہے۔
وزیر برائے خارجہ امور شیخ عبداللہ نے قرارداد کی حمایت کرنے پر سیکریٹری بلنکن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ برداشت و بقائے باہمی کی اقدار کو مضبوط کرنے کی اہمیت اور علاقائی و بین الاقوامی امن اور استحکام کے فروغ پر عرب امارات اور امریکہ مشترکہ ویژن رکھتے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے فلسطین کے مغربی کنارے میں واقع جنین کیمپ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی حالات بشمول شام، یمن اور مغربی بالکان کا جائزہ لیا۔

شیئر: