Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں جُڑے ہوئے بچوں کو علیحدہ کرنے کا آپریشن کامیاب

آپریشن کے باقی ماندہ کام انجام دیے جارہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض میں شامی جڑے بچوں احسان اور بسام کا آپریشن وزارت نیشنل گارڈز کے کنگ عبداللہ سپیشلسٹ ہسپتال میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا۔
اخبار 24 اور الاخباریہ کے مطابق ڈاکٹر عبد اللہ الربیعہ کی قیادت میں میڈیکل ٹیم دونوں بچوں کو ایک دوسرے سے علیحدہ کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ آپریشن کے باقی ماندہ کام انجام دیے جارہے ہیں۔
ڈاکٹر الربیعہ نے اس سے قبل بتایا تھا کہ آپریشن پانچ مراحل میں مکمل ہوگا۔ شروعات دونوں بچوں کو بے ہوش کرنے سے ہوں گی۔ 26 ڈاکٹروں، نرسوں اور معاونین نے آپریشن میں حصہ لیا۔

ان بچوں کی ولادت ترکیہ میں ہوئی (فوٹو: ایس پی اے)

ڈاکٹر الربیعہ نے آپریشن کا پہلا مرحلہ شروع کرتے وقت الاخباریہ سے گفتگو میں کہا تھا کہ احسان نامی بچے کا زندہ رہنا مشکل لگتا ہے۔ جسمانی ساخت میں کچھ ایسی خرابیاں ہیں جن کی وجہ سے اس کا زندہ رہنا آسان نہیں۔ اس کے پیشاب کا نظام ناپید ہے۔
ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا کہ دونوں بچوں کے جگر کا آپریشن سب سے مشکل ہے کیونکہ دونوں کی شریانیں ایک دوسرے سے جڑی ہیں۔ احسان کے دل میں پیدائشی گڑبڑ ہے۔
یاد رہے کہ احسان اور بسام کو ترکیہ کے انقرہ شہر سے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مئی میں فضائی ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا گیا تھا۔

26 ڈاکٹروں، نرسوں اور معاونین نے آپریشن میں حصہ لیا (فوٹو: ایس پی اے)

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دونوں شامی بچوں کے آپریشن کا حکم جاری کیا تھا۔
شامی بچے کے والد نے بتایا کہ بچوں کی ولادت ترکیہ میں ہوئی جہاں وہ ملک کے خراب حالات کے پیش نظر منتقل ہوئے تھے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: