Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوہ پیما آصف بھٹی نانگا پربت کے بیس کیمپ پہنچ گئے

کوہ پیما آصف بھٹی کو جمعرات کے روز ریسکیو ٹیم نے نانگا پربت کے بیس کیمپ پر پہنچایا (فائل فوٹو: اے پی پی)
نانگا پربت پر پھنس جانے والے کوہ پیما آصف بھٹی کو نانگا پربت کے بیس کیمپ پہنچا دیا گیا ہے۔
عرب نیوز پاکستان کے مطابق پاکستان کی دوسری بڑی چوٹی نانگا پربت پر پھنسنے والے کوہ پیما آصف بھٹی کو جمعرات کے روز ریسکیو ٹیم نے بیس کیمپ پر پہنچایا۔
اس سے قبل کوہ پیما کو دیگر تین کوہ پیماؤں کی ٹیم نے کیمپ ون پر پہنچایا تھا۔
آصف بھٹی کے کیمپ ون پہنچنے کی تصدیق کوہ پیما شہروز کاشف نے کی تھی۔
آصف بھٹی سطح سمندر سے ساڑھے سات ہزار میٹر بلندی پر واقع نانگا پربت کے کیمپ فور میں پھنس گئے تھے۔
خطرناک سطح کے باوجود ’کِلر ماؤںٹین‘ کہلائے جانے والی اس چوٹی پر آصف بھٹی ’سنو بلائنڈنس‘ کا شکار ہوگئے تھے یعنی اُن کی بینائی کم ہونا شروع ہوگئی تھی۔
چوٹی پر پھنسنے والے کوہ پیما کو بچانے کے لیے تین باصلاحیت کوہ پیماؤں کی ٹیم کو بھیجا گیا جن میں اسرافیل، فضل اور یونس شامل تھے۔
شہروز کاشف نے تینوں کوہ پیماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’الحمد للہ آصف بھٹی کیمپ ون پہنچ گئے ہیں اور وہ اب بیس کیمپ کی طرف واپس آئیں گے۔‘
’اسرافیل (آذربائیجان کے کوہ پیما)، فضل جن کا تعلق شمشال سے ہے اور یونس جو کہ بلتستان سے ہیں۔ آپ لوگ ہیرو ہیں۔ نائلہ کا شکریہ جس نے سب کو اپڈیٹ رکھا۔‘
اس کے بعد ریسکیو مشن کی کوارڈینیٹر نائلہ کیانی نے اس بات کی تصدیق کی آصف بھٹی کو جمعرات کے روز بیس کیمپ پہنچا دیا گیا ہے۔
سنو بلائنڈڈ کا شکار کوہ پیما چوٹی کے کیمپ فور سے نیچے نہ آ سکے تھے جہاں وہ پیر کے روز تک پھنسے رہے۔
اس کے بعد آذربائیجان کے کوہ پیما اسرافیل عاشورلی نے آصف بھٹی کو ڈھونڈا اور پاکستانی کوہ پیما کی مدد کر کے اسے بیس کیمپ تک لے آئے۔
نائلہ کیانی نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ ’آج چوتھے دن، انتھک محنت کے بعد، ہیرو کامیابی سے بیس کیمپ پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے دھیان اور نہایت درست طریقے سے یہ ہمت والا آپریشن مکمل کیا جو خطرات سے بھرپور تھا اور آصف سنو بلائنڈ بھی تھے۔‘
آصف بھٹی کے سوشل میڈیا انچارج آصف خوجا نے ریسکیو آپریشن کرنے والے تینوں کوہ پیماؤں کا شکریہ ادا کیا۔

آصف بھٹی سطح سمندر سے ساڑھے سات ہزار میٹر بلندی پر واقع نانگا پربت کے کیمپ فور میں پھنس گئے تھے (فائل فوٹو: اے پی)

انہوں نے کہا کہ ’ڈاکٹر آصف بھٹی کو ریسکیو کرنا ثابت قدمی، پیشہ وارانہ صلاحیت اور ایثار کی علامت ہے جو کہ آپ تینوں میں موجود ہے۔‘
خیال رہے کہ نانگا پربت 8 ہزار 125 میٹر کے ساتھ دنیا کی نویں اُونچی چوٹی ہے۔ اس چوٹی کو سر کرنے کے دوران کئی کوہ پیما اپنی جان سے جا چکے ہیں۔ 
اس خطرناک چوٹی کے تازہ شکار پولینڈ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما پاوَل ٹوماز کوپیک ہیں جو کہ اونچائی کے باعث بیمار پڑنے کے بعد پیر کو چل بسے تھے۔

شیئر: