Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق اطالوی وزیراعظم نے وصیت میں گرل فرینڈ کے لیے 10 کروڑ یورو چھوڑ دیے

سلویو برلسکونی اٹلی کے تین مرتبہ وزیراعظم رہے (فوٹو: اے ایف پی)
گذشتہ ماہ انتقال کرنے والے اٹلی کے سابق وزیراعظم سلویو برلسکونی نے اپنی وصیت میں 33 برس کی گرل فرینڈ مارٹا فاسکینا کے لیے 10 کروڑ یورو چھوڑے ہیں۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق اٹلی کے تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے سلویو برلسکونی کی کل جائیداد چھ ارب یورو سے بھی زیادہ ہے۔
مارٹا فاسکینا جو کہ سیاسی جماعت فورزا اٹلایا کی ڈپٹی ہیں، اُن کا سابق وزیراعظم برلسکونی سے 2020 میں افیئر شروع  ہوا۔ برلسکونی اور مارٹا قانونی طور پر شادی شدہ نہیں تھے، تاہم انہوں نے بستر مرگ پر مارٹا کو اپنی اہلیہ کہہ کر مخاطب کیا۔
مارٹا فاسکینا 2018 کے عام انتخابات کے بعد سے اطالوی پارلیمںٹ کے لوئر چیمبر کی رُکن تھیں۔ وہ سیاسی جماعت فورزا اٹالیا کی رُکن ہیں۔ یہ وہ پارٹی ہے جو سلویو برلسکونی نے 1994 میں سیاست میں حصہ لینے کے بعد بنائی تھی۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم کا کاروبار اُن کے بچے مرینا اور پیئر سلویو چلاتے ہیں۔ سلویو کے دونوں بچے جو کہ اپنے کاروبار میں ایگزیکیٹو کے عہدے پر ہیں، فیملی کے کاروبار میں سے 53 فیصد کا حصہ لیں گے۔
سلویو برلسکونی نے اپنی بھائی پاؤلو کے لیے 10 کروڑ یورو چھوڑے ہیں جبکہ فورزا اٹالیا کے سابق سینیٹر ماسیلو ڈیل اُتری کے لیے انہوں نے تین کروڑ یورو چھوڑے ہیں۔
سابق وزیراعظم کی موت کے بعد اُن کی وصیت اُن کے پانچ بچوں اور بقیہ گواہان کی موجودگی میں منگل کو پڑھی گئی تھی۔

مارٹا فاسکینا کا سابق وزیراعظم برلسکونی سے 2020 میں افیئر شروع  ہوا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے اپنی وصیت میں لکھا کہ ’میں سٹاک کو اپنے بچوں مرینا اور پیئر سلویو میں برابر کا تقسیم کرتا ہوں۔ میں باقی سب کچھ اپنے بچوں مرینا، پیئر سلویو، باربرا، ایلیونورا اور لوئیگی میں تقسیم کرتا ہوں۔‘
سلویو برلسکونی اٹلی کے تین مرتبہ وزیراعظم رہے جس کے بعد ٹیکس فراڈ کے کیس میں چھ سال کے لیے اُن پر سیاست کرنے پر پابندی لگا دی گئی۔
لیوکیمیا کے مرض کے باوجود وہ آخر تک سیاست کرتے رہے اور وزیراعظم جورجیا میلونی کی دائیں ہاتھ کی حکومت کا حصہ رہے۔
سلویو برلسکونی کا 12 جون 2022 کو لیوکیمیا کے باعث میلان کے ہسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔ 

شیئر: