Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج نے مدینہ کے بازاروں کی رونق بڑھا دی، کونسی چیزیں خرید رہے ہیں؟

سعودی ثوب حجاج میں مقبول ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
حجاج کرام فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے اور مقدس مساجد میں نماز کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے کے بعد اپنے پیاروں اور رشتہ داروں کے لیے یادگاری تحائف خریدنے میں مصروف ہوگئے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق حجاج کرام وطن واپسی سے قبل مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آمد ورفت اور مقامات مقدسہ کی زیارت کی یادوں کو لازوال بنانے کے لیے تحائف میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

الیکٹرانک اشیا میں حجاج کافی دلچسپی لیتے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

مدینہ منورہ کے بازاروں سے حجاج کھجوریں، خوشبویات، عود، بخور، تسبیحیں، قرآن پاک کے نسخے، جا نمازیں، آب زمزم، انواع و اقسام کے ملبوسات، زیورات، چاندی اور سونے سے سجی چیزیں، مٹھائیاں، سعودی قہوہ، برتن، کھلونے اور الیکٹرانک آلات خرید رہے ہیں۔
حجاج کی وجہ سے ان دنوں مدینہ منورہ کی دکانوں اور بازاروں کی رونقیں دوبالا ہوگئی ہیں۔ حجاج مدینہ منورہ سے عجوہ کھجور لینا کبھی نہیں بھولتے۔

مدینہ سے عجوہ کھجور لینا حجاج نہیں بھولتے۔ (فوٹو ایس پی اے)

مسجد نبوی کے اطراف مرکزی علاقے میں رہائش پذیر حجاج آس پاس کی دکانوں اور تجارتی مراکز کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ بعض حجاج انفرادی طور پر اور کئی گروپ کی شکل میں بھی ٹیکسیاں لے کر شاپنگ کے لیے نکل رہے ہیں۔ عام طور پر رات کے وقت شاپنگ کا کام کیا جارہا ہے۔ بڑے تجارتی مراکز میں ڈنر بھی کرلیتے ہیں اس طرح کھانے کے حوالے سے بھی ان کا وقت بچ جاتا ہے۔
مدینہ منورہ کے بازار مختلف درجے کے سامان سے بھرے ہیں۔یہاں انٹرنیشنل برانڈ کے مراکز بھی ہیں جبکہ درمیانے درجے کا سامان بھی ہے۔

حجاج تسبیحیں خریدنے میں کافی دلچسپی لیتے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

حج موسم کے دوران سعودی ثوب بھی پسند کیا جارہا ہے۔ مرد حضرات ثوب، شماغ، غترہ  خریدنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
حجاج کرام مدینہ منورہ میں کارگو کمپنیوں کی خدمات بھی حاصل کررہے ہیں۔ وہ حجاج جنہوں نے زیادہ خریداری کی ہے وہ اپنے ملک سامان بھجوانے کے لیے ان دنوں کارگو کمپنیوں سے رابطے کرتے نظر آرہے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: