Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سونا اور نقد رقم تیار رکھیں، خیبرپختونخوا میں چوروں کے پورے گاؤں کو خطوط

ترجمان صوابی پولیس لیاقت خان نے موقف اپنایا کہ خطوط کو تصدیق کے لیے لیبارٹری بھجوادیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے گاؤں ڈاگئی کے 18 گھرانوں کو مبینہ چوروں کے گینگ کی جانب سے دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے ہیں۔ 
مبینہ چوروں کے گینگ نے دھمکی آمیز خطوط میں گاؤں والوں سے نقد رقم اور سونا گھر میں رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان خطوط میں چوروں نے لکھا کہ ’کچھ دن پہلے جو چوری ہوئی تھی وہ ہم نے کی تھی۔ اب اگلا نمبر آپ کا ہے۔ اس لیے اپنے گھر کے قیمتی سامان، سونا اور بینک سے رقم نکال کر گھر منتقل کریں۔‘
خطوط میں مبینہ چوروں نے دھمکی بھی دی ہے کہ اگر ان کی بات نہ مانی گئی تو جان سے ہاتھ دھونے پڑ سکتے ہیں۔
دھمکی آمیز خطوط پر نام کے بجائے ’متفقہ یار حسین‘ درج کیا گیا ہے، ڈاگئی گاؤں کے رہائشیوں کو خطوط موصول ہونے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ دوسری جانب پولیس نے خطوط تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ 
مقامی رہائشی عماد خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ایسی دھمکیوں سے ہم نہیں ڈرتے بلکہ اگر کسی نے گھر میں گھسنے کی کوشش کی اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اگر پولیس عوام کو تحفظ نہیں دے سکتی تو پھر ہم خود اپنے گھروں کی حفاظت کریں گے۔‘ 
 انہوں نے کہا کہ گاؤں والوں نے سیاسی جماعتوں پر مشتمل ایک جرگہ بلایا ہے جو صورتحال سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل طے کرے گا۔

نامعلوم خطوط نے پولیس کر چکرا کر رکھ دیا
ترجمان صوابی پولیس لیاقت خان نے موقف اپنایا کہ خطوط کو تصدیق کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے جہاں فنگر پرنٹس بھی دیکھے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر واقعہ کا روزنامچہ درج کیا گیا ہے۔ 
ترجمان پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ’اس حرکت سے یہ کوئی بڑا گینگ نہیں لگ رہا بلکہ کسی کی شرارت بھی ہوسکتی ہے، تاہم  گاؤں والوں پر بھی شک ہے جو چوری کی وارداتیں کرتے رہتے ہیں۔ ان میں سے کچھ لوگوں کو گرفتار کر کے تفتیش کی جائے گی۔‘
مقامی صحافی ایاز خان نے بتایا کہ دھمکی آمیز خطوط کے بعد گاؤں کے شہریوں نے احتجاج کی دھمکی بھی دی ہے، تاہم آج مقامی عمائدین کے جرگے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا جس سے متعلق پولیس کو اطلاع دی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چوری کی وارداتوں میں اضافے کی وجہ سے شہری پہلے ہی پریشان ہیں۔

شیئر: