ہم چاہتے ہیں اسمبلی مدت پوری کرے اور الیکشن 60 دن میں ہوں: شیری رحمان
ہم چاہتے ہیں اسمبلی مدت پوری کرے اور الیکشن 60 دن میں ہوں: شیری رحمان
پیر 24 جولائی 2023 14:30
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ’دبئی میں جو ملاقات ہوئی، اس کے بارے میں ایک بھی چیز درست رپورٹ نہیں ہوئی۔‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے نگران وزیراعظم کے بارے میں قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔
پیر کو وفاقی وزیر شیری رحمان نے فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’نگراں وزیراعظم کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ گزارش ہے کہ قیاس آرائیوں پر بات نہ کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کل فیک نیوز کے ذریعے کسی کے سر پر نگراں وزارت عظمیٰ کا تاج رکھا گیا۔ پیپلز پارٹی نے کوئی نام پیش کیا اور نہ ہے نگران وزیراعظم کے لیے ہم نے کسی کے نام پر اتفاق کیا ہے۔‘
’کسی نہ کسی نام پر اتفاق ہو گا لیکن مشاورتی عمل میں وقت لگتا ہے۔‘
شیری رحمان نے مزید کہا کہ ’ہماری طرف سے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ نگران حکومت کے لیے غیرجانبداری ایک لازمی عنصر ہے۔‘
’ابھی پیپلز پارٹی کا مقاملہ ملک کے معاشی حالات کے ساتھ ہے۔‘
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ’ہمیں آج چترال جانا تھا لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے ہم نہ جا سکے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے خواتین کو مالکانہ حقوق دینے کا آغاز کر دیا ہے۔‘
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ’دبئی میں جو ملاقات ہوئی، اس کے بارے میں ایک بھی چیز درست رپورٹ نہیں ہوئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اسحاق ڈار کا نام پیپلز پارٹی کے ساتھ آج تک شیئر نہیں ہوا۔ جب آئے گا تو اس پر مشاورت ہو گی۔ ہم بھی اپنے نام دیں گے۔ اس طرح کی خبروں کی ہم نے کل بھی تردید کی تھی۔‘
’ہم چاہتے ہیں اسمبلی اپنی مدت پوری کرے اور الیکشن 60 دن میں ہوں ۔ ہمارے کچھ اتحادیوں کا خیال ہے کہ الیکشن 90 دن میں ہوں۔ ‘