Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا کے 90 ممالک کی جیلوں میں انڈیا کے کتنے شہری قید ہیں؟

وی مرلی دھرن کے مطابق کسی انڈین شہری کی حراست یا گرفتاری پر انڈین مشن فوری طور پر مقامی دفتر خارجہ اور متعلقہ حکام سے رابطہ کرتا ہے۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
انڈین حکومت نے ملک کے ایوان بالا کو بتایا ہے کہ دنیا کے 90 ممالک میں کم سے کم آٹھ ہزار 330 انڈین شہری قید ہیں جبکہ ان میں سے 1611 صرف ایک خلیجی ملک میں پابند سلاسل ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق جمعرات کو ایوان بالا میں ایک تحریری جواب میں وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن نے بتایا کہ مشرق وسطٰی کے ممالک میں 4491 انڈین شہری قید ہیں۔ ان کے علاوہ نیپال میں 1222، ملائیشیا میں 341، پاکستان میں 308، امریکہ میں 294، برطانیہ میں 249، چین میں 178، اٹلی میں 157 اور عمان میں 139 انڈین شہری قید ہیں۔
وزیر مملکت برائے امور خارجہ کے تحریری جواب کے مطابق انڈین شہری دنیا کے 90 ممالک کی جیلوں میں قید ہیں۔
وی مرلی دھرن کا کہنا تھا کہ ’بیرون ملک جیلوں میں بند انڈین شہریوں کی رہائی اور وطن واپسی کا معاملہ بیرون ملک انڈین مشنز مقامی حکام کے ساتھ باقاعدگی سے اٹھاتے رہتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک میں پرائیویسی کے مضبوط قوانین کی وجہ سے مقامی حکام قیدیوں کے بارے میں معلومات اس وقت تک شیئر نہیں کرتے جب تک کہ متعلقہ شخص ایسی معلومات کی فراہمی پر رضامند نہ ہو۔
وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن کا مزید کہنا تھا کہ جیسے ہی کسی انڈین شہری کی حراست یا گرفتاری کی اطلاع انڈین مشن کو ملتی ہے، وہ فوری طور پر مقامی دفتر خارجہ اور متعلقہ مقامی حکام سے رابطہ کرتا ہے تاکہ معاملے کے حقائق کا پتا لگانے کے لیے قونصلر رسائی حاصل کی جا سکے۔

شیئر: