Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی20: سعودی عرب خواتین کو ’بااختیار بنانے‘ کے لیے اقدامات سے آگاہ کرے گا

سعودی وفد رواں ہفتے گجرات میں منعقد ہونے والی جی 20 وزراتی کانفرنس میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات میں پیش رفت سے آگاہ کرے گا۔
عرب نیوز نے سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ سعودی وفد کی سربراہی خاندانی امور کی کونسل کی سیکریٹری میمونہ الخلیل کریں گی۔
جی 20 وزراتی کانفرنس رواں ہفتے انڈین ریاست گجرات کے شہر گاندھی نگر میں منعقد ہو گی۔
کانفرنس کے تھیم کو مدّنظر رکھتے ہوئے سعودی مندوبین جی 20 ممالک کے ترجیحی شعبہ جات میں اپنے کام کو اُجاگر کریں گے جن میں تعلیم، کاروبار، خواتین کے قائدانہ کردار میں تعاون کے لیے شراکت داری، مومسیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں خواتین کا کردار اور ڈیجیٹل مہارتیں بھی شامل ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق بدھ سے جمعے تک جاری رہنے والی کانفرنس میں مندوبین اپنی شرکت سے جدّت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مملکت کا موقف اور سربراہی اُجاگر کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اُن کا مقصد صنفی مساوات کے حصول کے لیے اپنے عزم کا اظہار کرنا ہے۔
بیان کے مطابق سعودی عرب اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ مرد اور خواتین کے لیے ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل میں حصّہ ڈالنے کے لیے یکساں مواقع ہوں۔
خاندانی امور کی کونسل کی سیکریٹری میمونہ الخلیل کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے بین الاقوامی تقریب اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف اور سعودی وژن 2030 کے ترقی و تنوع کے ایجنڈے کے تناظر میں خواتین کو بااختیار بنانے میں مملکت کی کامیابیوں کا جائزہ لینے اور عالمی کمیونٹی کو اقدامات سے آگاہ کرنے کا ایک موقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی وفد اس امر پر بھی روشنی ڈالے گا کہ سعودی اقدامات مقامی و بین الاقوامی سطح پر ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل میں خواتین کے لیے دستیاب مواقعوں کو فروغ دے کر صنفی امتیاز کے خلا کو پُر کرنے کے لیے کیسے مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔

شیئر: