Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشینوں میں چھپائی گئی 13 لاکھ سے زیادہ نشہ آور گولیاں برآمد 

سمگلنگ کے الزام میں دو مقیم غیرملکیوں کو گرفتار کرلیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ انسداد منشیات نے ریاض ریجن میں 13 لاکھ سے زیادہ نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ اورانہیں فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
نشہ آور گولیاں گودام کے اندر الیکٹرانک مشینوں کی کھیپ میں چھپائی گئی تھیں۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان مروان الحازمی نے بتایا کہ’ سیکیورٹی فورس کے اہلکار منشیات کے سمگلروں اور نشہ آور اشیا فروخت کرنے والوں کے حوالے سے چوبیس گھنٹے الرٹ رہتے ہیں‘۔
ترجمان نے کہا کہ’ رپورٹ ملی تھی کہ ایک گودام میں نشہ آور گولیاں سمگلنگ اور فروخت کے لیے محفوظ کی گئی ہیں‘۔ 
’چھاپہ مہم کے دورن 13 لاکھ  94 ہزار نشہ آور گولیاں گودام میں مشینوں سے برآمد ہوئی ہیں‘۔ 
ترجمان نے بتایا کہ ’دو مقیم غیرملکیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایک کا تعلق اردن اور دوسرے کا شام سے ہے‘۔
’دونوں ملزمان کو ابتدائی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا‘۔ 
علاوہ ازیں سعودی حکام نے مملکت بھر میں کارروائی کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرکے منشیات کی بڑی مقدار ضبط کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عسیر ریجن میں سرحدی محافظوں نے 103 کلو گرام قات( نشہ آور پتے) سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
جازان ریجن میں 80 کلو گرام منشیات کی سمگلنگ اور انہیں فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے۔
جازان ہی میں ایک اور کارروائی کے دوران 80 کلو گرام قات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی۔

شیئر: