Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نگراں وزیراعظم کا سرمایہ کاری پر سعودی عرب کا شکریہ

سعودی عرب کے حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے وفد کے ہمراہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر حج و عمرہ سعودی وزارت خارجہ، داخلہ، سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی، مواصلات، سیاحت سمیت دیگر اداروں کے ارکان کے ایک اعلیٰ سطح کی وفد کی قیادت کر رہے تھے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ مثبت تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کا قابل اعتماد شراکت دار رہے گا۔
وزیراعظم نے رواں حج سیزن کے دوران دنیا بھر سے حجاج کرام بالخصوص پاکستانی عازمین کے لئے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سعودی عرب پاکستانی حج اور عمرہ زائرین کیلئے خصوصی سلوک جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ مثبت تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ (فوٹو: وزیراعظم ہاؤس)

 وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی )کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں سنجیدہ دلچسپی لینے پر سعودی عرب کا شکریہ بھی ادا کیا۔
سعودی وزیر نے ان کی اور ان کے وفد کے ارکان کی پرتپاک مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستانی عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفد مذہبی دوروں کے علاوہ پاکستان میں سعودی سیاحت کو فروغ دینے کی بھی کوشش کرے گا۔

سعودی وزیر حج و عمرہ کراچی پہنچ گئے

دریں اثنا سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ اپنے وفد کے ارکان کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے۔

سعودی وزیر کے کراچی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ 

کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ کا کراچی ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔
ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ مکہ اور مدینہ کی مساجد کے انچارج بھی ہیں۔                                                                                                                            

شیئر: