Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فنکارہ کا شاہکار ' پلاسٹک دیوار' گینز ورلڈ ریکارڈ میں شامل

اس اقدام کے لیے خاص طور پر اپنی ٹیم، خاندان اور شوہر کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ فوٹو عرب نیوز
ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے سرگرم سعودی کارکن خلود الفضلی نے پلاسٹک کی بوتلوں کے ڈھکنوں سے شاہکار تیار کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرا لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ کے علاقے الحمرا میں ایک دیوار پر جس کا رقبہ 383 مربع میٹر ہے گرین سعودی کی علامت یہ خوبصورت فن پارہ تیار کیا ہے۔
ماحولیاتی کارکن نے اپنی نوعیت کی دنیا کی سب سے بڑی دیواری پینٹنگ پر پلاسٹک کی پانچ لاکھ بوتلوں کے ڈھکن استعمال کئے ہیں۔
ٹیچر کے عہدے پر فائز خلود کو اس پینٹنگ کو مکمل کرنے میں آٹھ ماہ کا عرصہ لگا جس میں گرین لیوز سکول کے طلباء  نے ان کی مدد کی۔
انہوں نے بتایا کہ اس محنت کا مقصد پلاسٹک کو دوبارہ استعمال اور اسے کم کرکے ارد گرد کے ماحول کو محفوظ بنانا ہے۔
خلود الفضلی نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ  فن پارے کی تیاری کی ویڈیو فوٹیج، ڈیٹا اور گواہوں کے بیانات سمیت تصدیق کے بعد ان کی درخواست گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج ہوئی ہے۔

دیواری پینٹنگ پر پلاسٹک کی پانچ لاکھ بوتلوں کے ڈھکن استعمال ہوئے۔ فوٹو عرب نیوز

خلود الفضلی نے بتایا کہ مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ اس ریکارڈ میں شامل ہر فرد نے بہت محنت کی ہے اور خاص طور پر میری ٹیم نے میرا بہت ساتھ دیا ہے۔
واضح رہے کہ خلود نے 2021 میں وزارت کھیل کے تعاون سے ماحولیات کو محفوظ رکھنے کے مقصد کے تحت جدہ میں 'میکنگ اے میپ آف دی ورلڈ یوزنگ پلاسٹک کور' کے تحت پلاسٹک کی بوتلوں کے ڈھکنوں کے استعمال سے دنیا کا سب سے بڑا نقشہ تیار کیا تھا۔

پلاسٹک کے ڈھکنوں سے دنیا کا سب سے بڑا نقشہ تیار کیا تھا۔ فوٹو عرب نیوز

اس فن پارے کو مکمل کرنے کے لیے 250 مربع میٹر رقبے کا انتخاب کیا گیا جس میں ساڑھے تین لاکھ پلاسٹک کی بوتلوں کے ڈھکنوں کا استعمال کیا گیا تھا۔
پلاسٹک کی بوتلوں کے ڈھکنوں سے دیوار پر اس شاہکار کا مقصد پلاسٹک کا دوبارہ استعمال اور ماحول کو محفوظ بنانا ہے۔

 اس محنت کا مقصد ارد گرد کے ماحول کو محفوظ بنانا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

جدہ کارنیش میں منعقد خصوصی تقریب کے دوران گنیز ورلڈ ریکارڈز اور جدہ میونسپلٹی کے عہدیداروں کے علاوہ ان کے خاندان، سکول کی ساتھیوں اور کمیونٹی کے دیگر افراد کی موجودگی میں کامیابی کا سرٹیفکیٹ خلود الفضلی کے حوالے کیا گیا۔
اس اقدام کے لیے سب کے تعاون کا شکریہ ادا کرتی ہوں خاص طور پر اپنی ٹیم، اپنے خاندان اور شوہر کا شکریہ جنہوں نے مجھے حوصلہ دیا۔
 

شیئر: