Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صوابی: متنازع زمین سے درخت کاٹنے پر لڑائی، 4 بھائی قتل

متنازع زمین سے درخت کاٹنے پر چار بھائیوں کو قتل کر دیا گیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں معمولی تنازعے پر ایک ہی گھر کے چار افراد کو قتل کر دیا گیا۔
یہ واقعہ آج جمعے کو صوابی کے مانیری پایاں نامی گاؤں میں پیش آیا جب ایک متنازع زمین پر لگے درخت کاٹے گئے۔
تھانہ صوابی میں درج ایف آئی آر کے مطابق ملانو بانڈہ سے درخت کاٹ کر لے جائے جا رہے تھے کہ راستے میں دوسرے فریق بھی پہنچ گئے اور ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کر دی۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں درخت کاٹنے والے چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جو رشتے میں سگے بھائی تھے۔
ہلاک ہونے والے بھائیوں کی عمریں 22 سے 35 سال کی ہیں۔
درخت کو متنازع زمین سے کاٹنے پر ملزمان نے مقتول بھائیوں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے۔
مقتول بھائیوں کے کزن محمد ایاز نے ملزمان کے خلاف تھانہ صوابی میں مقدمہ درج کروایا ہے جس میں چار افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
صوابی پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے تھے جن کی تلاش جاری ہے۔
پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق فریقین کے درمیان زمین کی وجہ سے تنازع چل رہا تھا جو جرگے کے باوجود حل نہیں ہو سکا تھا۔
مقامی شہری عارف اللہ نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد گاؤں کی فضا سوگوار ہے اور اس سے پہلے بھی اراضی تنازع پر قتل ہو چکے ہیں۔

شیئر: