Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

63 فیصد گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی قیمت نہیں بڑھائی: حکومت

وفاقی سیکریٹری پاور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا بڑا فرق 400 سے زائد یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں پر لاگو ہے اور 63.5 فیصد گھریلو صارفین کے لیے قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔
سنیچر کو ٹی وی اینکرپرسنز اور بیوروچیفس کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’31.6 فیصد گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی قیمت (ٹیرف) میں 3 روپے سے 6.5 روپے فی یونٹ اضافہ ہوا۔‘
’صرف 4.9 فیصد ڈومیسٹک صارفین کے لیے قیمت میں 7.5 روپے فی یونٹ اضافہ ہوا، اس طرح گھریلو صارفین کے لیے اوسطاً قیمت میں 3.82 روپے کا اضافہ ہوا۔‘
وفاقی سیکریٹری پاور ڈویژن نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ’صارف کے لیے بجلی کے ٹیرف (قیمت) کا تعین نیپرا کرتا ہے، سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کا تعین نئے پاور پلانٹس کے لیے ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کنزیومر پرائس انڈیکس کے تحت بجلی کی قیمت میں ردوبدل ہوتا ہے، کائبور بڑھنے سے بھی ٹیرف میں تبدیلی کرنا پڑتی ہے۔ اس کے علاوہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے بھی بجلی کی قیمت میں فرق آتا ہے۔‘
ان کے مطابق ’اگر ایک صارف مئی میں 300 یونٹ بجلی استعمال کرتا ہے تو اس کا فرق جولائی کے بل میں لگ کر آتا ہے۔ مالی سال 2023 میں ہم نے 195 روپے ڈالر ریٹ کے مطابق نرخ نوٹیفائی کیے، جبکہ ڈالر کی قیمت 284 روپے تک گئی۔‘
’ہم نے آر ایل این جی کی قیمت 3183 ایم ایم بی ٹی یو روپے مقرر کرنے کا پلان بنایا، جبکہ آر ایل این جی کی قیمت تین ہزار سے 3800 روپے کے درمیان رہی۔ اسی طرح درآمدی کوئلے کی قیمت بھی 51 ہزار سے 61 ہزار روپے فی میٹرک ٹن رہی۔‘

سیکریٹری پاور ڈویژن نے کہا کہ ’31.6 فیصد ڈومیسٹک صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے سے 6.5 روپے فی یونٹ اضافہ ہوا‘ (فوٹو: اے پی پی)

انہوں نے کہا کہ ’آئندہ سال ہم نے دو ٹریلین روپے صرف کپیسٹی پے منٹس کی مد میں ادائیگیاں کرنی ہیں۔ جولائی 2022 میں زیادہ سے زیادہ بجلی کا ٹیرف 31.02 روپے فی یونٹ تھا اور اگست 2023 میں فی یونٹ بجلی کی قیمت 33.89 روپے ہے۔‘
 ایک سوال پر وفاقی سیکریٹری پاور ڈویژن نے کہا کہ ’ڈسکوز کے افسران کو فراہم کیے جانے والے بجلی کے مفت یونٹس ختم کر رہے ہیں۔ واپڈا کے پرانے ملازمین کے علاوہ کسی محکمے میں بجلی کے بلوں میں رعایت نہیں دی جا رہی، اس وقت یہ رعایت ڈسکوز کے ملازمین کو مل رہی ہے۔ ایسا نہیں کہ تمام بوجھ بجلی کا بل ادا کرنے والوں پر ڈالا جا رہا ہے۔‘
اس موقع پر نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے عوام مشکل صورت حال سے دوچار ہیں۔ نگراں وزیراعظم نے اتوار کو بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے اعلٰی سطح کا اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس میں پاور سیکٹر سے تعلق رکھنے والے تمام سٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا گیا ہے۔

شیئر: