Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ بلائنڈ گیمز: کرکٹ فائنل میں پاکستان نے انڈیا کو ہرا دیا

فائنل میں پاکستان نے 15 ویں اوور میں 185 رنز کا ہدف حاصل کر لیا (فوٹو: پی بی سی سی ٹوئٹر)
انٹرنیشنل بلائنڈ سپورٹس فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) ورلڈ گیمز کے فائنل میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے انڈیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
سنیچر کو برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 ویں اوور میں 185 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے بدر منیر اور محمد سلمان نے بالترتیب 41 اور 48 رنز بنائے۔ انڈیا نے دوسری اننگز میں 42 اضافی رنز دیے۔
انڈیا کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔
اس سے قبل انڈیا نے جمعہ کو کوالیفائر میں بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
اس دوران پاکستان نے گروپ مرحلے کے دوران چاروں میچز جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔
اس سے قبل پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے جمعرات کو برمنگھم میں انگلینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل اپنا چوتھا میچ جیتا۔
قومی ٹیم نے نے 10 ویں اوور میں 104 رنز کا ہدف حاصل کیا۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے کپتان نثار علی نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے، ان کے بعد مطیع اللہ نے 22 رنز بنائے۔
پہلی اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم 18 اوورز میں 103 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ ان کی جانب سے ایل جے سگ نے 25 رنز بنائے۔ انگلش ٹیم کی اننگز میں سب سے زیادہ 32 اضافی رنز تھے۔
پاکستان کی جانب سے شاہ زیب حیدر نے چار اور محمد شاہ زیب نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے تیسرے میچ میں آسٹریلیا کو 15ویں اوور میں 108 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چھ وکٹوں سے شکست دی۔
 اپنے دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دی اور اپنی شاندار فارم کو جاری رکھا۔ پاکستان نے 12 ویں اوور میں ہدف حاصل کیا۔

شیئر: