Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی رائل نیوی نے دو بحری فورسز کی کمانڈ سنبھال لی

امریکی نیول سپورٹ بیس کے ہیڈکوارٹر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا(فوٹو: ٹوئٹر وزارت دفاع)
سعودی رائل نیوی بین الاقوامی پانیوں میں خطے میں تجارتی جہازرانی کے راستوں کی نگرانی اور بنیادی انفراسٹریکچر کے تحفظ کےلیے دو بحری فورسز کی کمانڈ کررہی ہے۔
  سعودی رائل نیوی نے اتوار کو بحرینی بحریہ سے مکسڈ  فورس 152 اور برطانوی بحریہ سے ’گارڈین فورس‘ کی کمانڈ سنبھال لی۔
اس حوالے سے امریکی نیول سپورٹ بیس کے ہیڈکوارٹر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
سعودی وزارت دفاع  کے مطابق بحرینی بحریہ فورس کے کمانڈر کرنل محمد المیر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ’ فورس نے سمندری امن کے استحکام کے سلسلے میں قابل قدر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ خطے میں جہاز رانی کا تحفظ کیا‘۔ 
امریکی بحریہ، پانچویں امریکی بحری بیڑے اور مکسڈ بحری فورس کے کمانڈر نے کہا کہ ’جہاز رانی کے تحفظ کے سلسلے میں مکسڈ فورس 152 کی بڑی اہمیت ہے۔ یہ فورس خطے میں امن و سلامتی کے تحفظ میں قابل قدر کردار ادا کررہی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی بحریہ پیشہ ورانہ انداز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ متعدد مشترکہ بین الاقوامی سمندری آپریشنوں میں سعودی بحریہ کی کارکردگی اس کا ثبوت ہے‘۔ 
سعودی بحریہ کے کرنل عاصم العمری نے بحرینی بحریہ کے کرنل محمد المیر سے مکسڈ فورس 152 کی کمانڈ کا باقاعدہ چارج لیا۔ 
اس موقع پر سعودی بحریہ کے کرنل عاصم العمری نے کہا کہ’ سعودی بحریہ اپنے فرائض احسن طریقے سے ادا کرنے کے لیے پوری طرح سے مستعد ہے‘۔ 
یاد رہے مکسڈ فورس 152 2004 میں قائم کی گئی تھی۔ یہ بحرین میں پانچویں امریکی بحری بیڑے میں مکسڈ فورسز کے تحت مختلف خدمات انجام دینے والی پانچ فورسز میں سے ایک ہے۔ 
150 فورس، 151 فورس، 153 فورس اور 154 فورس امریکی بحریہ کی فورسز کے تحت کام کررہی ہیں۔ 

شیئر: