Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی کھلاڑی ارشد ندیم کی جیت بھی خوشی کی بات ہے: والدہ نیرج چوپڑا

ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں جیولین تھرو کے مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے انڈین کھلاڑی نیرج چوپڑا کی والدہ نے پاکستانی کھلاڑی ارشد ندیم کے سلور میڈل جیتنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
پیر کو ایک صحافی نے نیرج چوپڑا کی والدہ سے سوال کیا کہ وہ کیسا محسوس کرتی ہیں کہ ان کا بیٹا ایک پاکستانی کھلاڑی کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا؟
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں نیرج چوپڑا کی والدہ کا کہنا تھا کہ ’میدان میں تو سارے کھلاڑی ہیں، سارے کھیلنے والے ہیں کوئی نہ کوئی تو جیتے گا۔ اس میں اگر کوئی پاکستان کا بھی ہے تو کوئی بات نہیں۔‘
انہوں نے ارشد ندیم کے سلور میڈل جیتنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانی کھلاڑی جو جیتا ہے وہ بھی بڑی خوشی کی بات ہے۔‘
واضح رہے اتوار کی رات کو نیرج چوپڑا نے جیولین تھرو کے فائنل میں 88.17 میٹر کی بہترین تھرو پھینک کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔
پاکستان کے ارشد ندیم 87.82 میٹر کی تھرو پھینک کر دوسرے نمبر پر رہے تھے اور سلور میڈل کے حقدار ٹھرے تھے۔
میڈل جیتنے کے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) سے بات کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ’نیرج اور میرے درمیان ایک صحت مند ماحول میں مقابلہ ہوتا ہے اور ہم دونوں ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہاں کوئی انڈیا، پاکستان کی دشمنی کی بات نہیں۔ جب ہم ایک دوسرے سے بات کرتے ہیں تو خوشی سے کرتے ہیں کیونکہ ہم ایک ایسے کھیل کا حصہ ہیں جس پر اکثر یورپین کھلاڑی بھاری ہوتے ہیں۔‘

شیئر: