Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیٹرول کی ٹرپل سنچری، ’اب برائن لارا کا ریکارڈ ٹوٹنا بھی کچھ زیادہ دور نہیں‘

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 300 روپے فی لیٹر سے زیادہ ہو گئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 300 روپے فی لیٹر سے زیادہ ہو گئی ہے۔
پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 14 روپے 91 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 18 روپے 44 پیسے بڑھا دی گئی ہے۔
اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 305 روپے 36 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 311 روپے 84 پیسے تک جا پہنچی ہے۔
بڑھتی ہوئی قیمتوں پر جہاں عوام شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے نظر آئے وہیں سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے اور میمز کا طوفان دیکھنے میں آیا۔ 
قادر خان یوسفزئی نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’پیٹرول اور ڈیزل کی ٹرپل سنچری ہو گئی، اب برائن لارا کا ریکارڈ ٹوٹنا بھی کچھ زیادہ دور نہیں رہا۔‘

اپنے غم کو خوشی میں تبدیل کرنے کی جستجو لیے ایک ٹوئٹر صارف نے پاکستانی قوم کو انوکھی دعا دے ڈالی۔
ٹوئٹر پر لکھا کہ ’دعا ہے آپ کی خوشیوں میں پیٹرول کی قیمتوں کی طرح اضافہ ہو، آپ کے غم پاکستانی روپے کی قدر کی طرح کم ہو جائیں اور آپ کے دل خوشیوں سے ایسے بھریں جیسے پاکستان میں کرپشن۔‘

صارف علیزے نے ٹویٹ کیا کہ پیٹرول پرائس دیکھنے کے بعد پاکستانیوں کا ردعمل کچھ ایسا رہا ’ہم کچھ نہیں بتا سکتے، ہم ڈپریشن میں ہیں۔‘

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے بعد عوام کے لیے موٹرسائیکل جیسی سواری کا خرچہ افورڈ کرنا بھی مشکل نظر آتا ہے۔
ٹوئٹر صارف عمیر شہزاد نے سائیکل کی تصویر شئیر کرتے ہوئے ٹویٹ میں لکھا کہ یہ رہی میری پہلی محبت۔ 

کرکٹ شائقین نے بھی پیٹرول کی بڑھتی قیمت پر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ معاذ آفریدی نے ٹویٹ کیا کہ ’ہم پیٹرول کو ٹرپل سنچری بنانے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔‘

جہاں عوام اپنی مایوسی کا اظہار کرنے میں طنز و مزاح کا سہارا لیتی نظر آئی وہیں ایک ٹوئٹر صارف نے اپنی قوم کو جذباتی پیغام بھی دے ڈالا۔
ٹویٹ میں لکھا گیا کہ ’نہیں پتہ کب اور کیسے مگر مجھے امید ہے اچھا وقت آئے گا۔ پاکستانیو مضبوط رہو۔‘

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی حکومت نے دوسری مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔
اس سے قبل 14 اور 15 اگست کی درمیانی رات فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 17 روپے 50 پیسے جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے اضافہ کیا گیا تھا۔

شیئر: