Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرویز الہی کی رہائی مشکل میں: کیس کی سماعت کرنے والا جج تبدیل

پرویز الہی کے مقدمے کی سماعت کرنے والے جج جسٹس امجد رفیق ملتان بینچ میں مقدمات کی سماعت کریں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
لاہور ہائی کورٹ میں منگل کے روز چوہدری پرویز الہی کی بازیابی سے متعلق کیس کو فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔ جبکہ مقدمے کی سماعت کرنے والے جج جسٹس امجد رفیق ملتان بینچ میں مقدمات کی سماعت کریں گے۔
جسٹس امجد رفیق  نے منگل کے روز پرویز الہی کو پیش کرنے کا حکم دے رکھا تھا۔ لاہور ہائی کورٹ کی کاز لسٹ کے مطابق جسٹس امجد رفیق کل سے لاہورہائی کورٹ کی پرنسپل سیٹ پر کیسز کی سماعت نہیں کریں گے۔ روسٹر کے مطابق جسٹس امجد رفیق 28 اکتوبر تک ملتان بینچ میں کیسز کی سماعت کریں گے۔ 
روسٹر کے مطابق جسٹس امجد رفیق کا ملتان بینچ میں ٹرانسفر کا روسٹر 30 اگست کو جاری کیا گیا تھا۔ تاہم وہ تین ستمر تک لاہور ہائی کورٹ کی پرنسپل سیٹ پر ہی بطور جج کام کرتے رہے ہیں۔
پیر کے روز جسٹس امجد رفیق کی عدالت میں چوہدری پرویز الہی کی اہلیہ کی دو الگ الگ درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ پیر کی شام عدالت کی طرف اس کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم کے مطابق حکم کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اٹک کو پرویز الہی کو ریکور کرنے کےلیے بیلف مقرر کیا ہے۔ جسٹس امجد رفیق کے فیصلے کے مطابق سیشن جج اٹک پرویز الہی کو سپرنٹینڈنٹ اٹک جیل سے بازیاب کروا کر عدالت پیش کریں گے۔
جبکہ سی پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک کو بھی اس معاملے کی نگرانی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالت نے یہ بھی لکھا ہے کہ سیشن جج اٹک اور مجسٹریٹ پرویز الہی کی بحفاظت لاہور ہائیکورٹ پیشی کے تمام پراسس کی نگرانی کریں گے۔
عدالتی کی حکم عدولی پر سپرینٹنڈنٹ جیل اٹک کل ذاتی حیثیت میں عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

روسٹر کے مطابق جسٹس امجد رفیق کا ملتان بینچ میں ٹرانسفر کا روسٹر 30 اگست کو جاری کیا گیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

حکمنانے کے مطابق اسلام آباد پولیس نے لاہور ہائی کورٹ کے عدالتی دائرہ سے پرویز الہی کو گرفتار کیا اور ہائی کورٹ کے احکامات کی حکم عدولی کی۔ عدالتی فیصلے کے مطابق آئی جی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جاتی ہے۔ آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔
تاہم اس تحریری فیصلے کے کچھ دیر بعد لاہور ہائی کورٹ کی کاز لسٹ تبدیل کر دی گئی ہے اور اب جسٹس امجد رفیق ملتان بنچ میں کیسز کی سماعت کریں گے۔
دوسری طرف پیر کے روز کی چوہدری پروزی الہی کی اٹک جیل میں طبیعت خراب ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں اور انہیں اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔ مونس الہی کے ٹویٹ سے یہ بات سامنے آئی ہے چوہدری پرویز الہی کو پمز ہسپتال معائنے  کے بعد اٹک جیل منتقل نہیں کیا گیا۔ دوسرے لفظوں میں پرویز الہی اس وقت کہاں ہیں اس بارے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔

شیئر: