Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں اور ہم سب ان کے معترف ہیں: شبھمن گِل

بیٹر شبھمن گِل نے کہا ہے کہ وہ بابر اعظم سے متاثر ہیں اور ان کے سٹائل کو فالو کرتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے زیادہ تر کرکٹر انڈین کھلاڑی وراٹ کوہلی اور کپتان روہت شرما کے مداح ہیں، حتیٰ کہ کپتان بابر اعظم بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنے کھیل کو بہتر بنانے کے لیے ان کھلاڑیوں کی مثال سامنے رکھتے ہیں، لیکن کیا انڈین کھلاڑی بھی پاکستانی کھلاڑیوں سے متاثر ہیں۔
جی ہاں، انڈین بیٹر شبھمن گِل نے کہا ہے کہ وہ ون ڈے کرکٹ میں نمبر ایک بابر اعظم سے متاثر ہیں اور ان کے سٹائل کو فالو کرتے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق پاکستان کے ساتھ سپر فور میچ سے قبل انہوں نے میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے کہا کہ ’جی، یقینی طور پر ہم انہیں پسند کرتے ہیں۔ جب کوئی کھلاڑی بہتر پرفارم کرتا ہے تو ہر کوئی اسے دیکھتا ہے اور جاننا چاہتا ہے وہ اتنا اچھا کیسے کھیل رہا ہے اور اس کی خصوصیت کیا ہے۔ بابر بھی ایسے ہی ہیں۔ وہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں اور ہم سب ان کے معترف ہیں۔‘
سوشل میڈیا پر دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین ایک دوسرے کے ساتھ جنگ کرتے ہیں، لیکن دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں کی ایک دوسرے کے ساتھ دوستیاں ہیں۔ اور کچھ ایسا ہی پالیکیلے میں کھیلے جانے والے گروپ میچ میں بھی دیکھنے میں آیا۔
وراٹ کوہلی پاکستانی بولر حارث رؤف اور آل راؤنڈر شاداب خان کے ساتھ محو گفتگو نظر آئے، جبکہ کپتان روہت شرما کو بابر اعظم کے ساتھ قہقہے لگاتے دیکھا گیا۔
شبھمن گِل نے کہا کہ ’پاکستان کے پاس بہترین بولنگ اٹیک ہے۔ جب آپ اس سطح پر کھیلتے ہیں تو آپ اپنے کیریئر میں کسی مقام پر لیفٹ آرمر پیسرز کو کھیلتے ہیں۔ ہم پاکستان کے ساتھ زیادہ نہیں کھیلتے۔ ان کے پاس کوالٹی بولنگ اٹیک ہے۔ جب آپ تواتر سے ایسے اٹیک کا سامنا نہیں کرتے اور اس کے عادی نہیں ہوتے تو اس سے فرق پڑتا ہے۔‘
شبھمن گِل نے پاکستانی بولروں کے بارے میں کہا کہ ’وہ بہت مختلف فاسٹ بولر ہیں اور ان کی اپنی خصوصیات ہیں۔ شاہین گیند کو بہت سوئنگ کرتے ہیں۔ نسیم کی سپیڈ ہے۔ وہ مختلف حالات میں مختلف چیلنجز پیش کرتے ہیں۔‘

شیئر: