Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مراکش میں سعودی شہری محفوظ، متاثرہ علاقوں سے نکالا جائے گا: سفارتخانہ

شہریوں سے کہا گیا کہ وہ مراکش میں کرائسز منیجمنٹ حکام کی ہدایات پر عمل کریں (فوٹو: اے ایف پی)
مراکش میں سعودی سفارتخانے نے کہا ہے کہ وہ جمعے کی رات آنے والے زلزلے کے بعد کی صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سفارتخانے نے ایک بیان میں سعودی شہریوں کی سیفٹی کی تصدیق کی اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ مراکش میں کرائسز منیجمنٹ حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ’ سفارتخانہ متاثرہ علاقوں سے سعودی شہریوں کو نکالنے کےلیے مراکشی حکام کے ساتھ رابطہ کر رہا ہے‘۔
سعودی سفارتخانے نے مراکش کی حکومت اورعوام سے زلزلے میں ہلاکتوں پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ مراکش میں 6.8 کی شدت کے زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 37 ہوگئی ہے جبکہ ایک ہزار 200 سے زیادہ زخمی ہوئے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق زلزلے کا مرکز مراکش کے جنوب میں تقریباً 70 کلومیٹر کے فاصلے پر کوہ اطلس میں تھا۔ یہ شمالی افریقہ کی سب سے اونچی چوٹی توبقال اور مراکش کے ایک سکی ریزورٹ اوکیمیدن کے قریب بھی تھا۔
زلزلہ مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 11 منٹ پر آیا اور اس کے بعد بعد آفٹر شاکس بھی آئے۔
زلزلے کے جھٹکے ساحلی شہروں رباط، کاسا بلانکا اور الصویرہ میں بھی محسوس کیے گئے۔
بڑے شہروں میں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ آفٹر شاکس کے خوف کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگوں نے رات سڑک پر ہی گزاری۔

شیئر: