Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطینی شہر اریحا (جیریکو) عالمی ورثے کی فہرست میں شامل

عالمی ورثے کی کمیٹی نے ریاض میں جاری اجلاس کے دوران اس کا اعلان کیا (فوٹو: ایس پی اے)
اقوام متحدہ کی ثقافتی تنظیم یونیسکو نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر اریحا( جیریکو) کے مقام  ’تل السلطان‘ کو عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کرلیا۔
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یونیسکو کے ماتحت عالمی ورثے کی کمیٹی نے ریاض میں جاری اجلاس کے دوران کیا ہے۔
’تل السلطان‘ جو اہرام مصر سے پہلے کا ہے ایک بیضوی شکل کا ٹیلا ہے جہاں انسانی موجودگی کے قبل از تاریخ کے شواہد موجود ہیں۔
فلسطین میں عالمی ورثے کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر احمد الرجوب نے کہا کہ ’اریحا شہر پوری دنیا  میں پہلے اور قدیم ترین سیاسی، سماجی اور انتظامی نظام کا نمونہ ہے۔ یہ نہ صرف پوری دنیا میں قدیم ترین فصیل بند شہر ہے بلکہ دنیا کے قدیم ترین سماجی، سیاسی و معاشی و دینی نظام  رکھنے والا شہر بھی ہے۔ انسانی تمدن کے ارتقا میں اس شہر کا کردار معتبر ہے‘۔ 
انہوں نے کہا کہ ’تل السلطان – اریحا‘ کے عالمی ورثے کی فہرست میں شمولیت کا فیصلہ ثقافتی فتح ہے۔ اس کے معاشی و سماجی اثرات ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ’ فلسطین ایسا ملک ہے جس کے پاس آمدنی کے وسائل نہیں تاہم وہ ثقافتی، مذہبی اور قدرتی ورثے سے مالا مال ہے۔ اریحا کے عالمی ورثے کی فہرست میں اندراج سے معاشی فوائد ہوں گے۔  سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا اس سے معاشرے کی آمدنی بہتر ہوگی۔ اریحا کے باشندوں میں خوشحالی آئے گی اور فلسطینی معیشت بہتر ہوگی‘۔ 
ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق ‘ ’تل السلطان – اریحا‘ پوری دنیا کا قلدہ بند قدیم ترین شہر ہے۔ یہاں کے کھنڈر انسانی تاریخ کی کہانی بیان کررہے ہیں۔ شہر کی کہانی کا تعلق جدید حجری دور سے ہے۔ اس کا سلسلہ بیزنتی سلطنت تک جاری رہا۔ یہاں دیوہیکل گول مینارہ بھی ہے‘۔
علاوہ ازیں شہر کی حفاظت کے لیے فصیلوں کے نشانات بھی ہیں۔ سو سال سے زیادہ یہاں تلاش کا کام ہورہا تھا جن سے پتہ چلا کہ انسانوں سے آباد قدیم ترین قلعہ بند شہر کے کھنڈر ٹنوں مٹی تلے دبے ہوئے تھے۔ 
یونیسکو میں تعینات فلسطینی مندوب نے کہا کہ ’قدیم اریحا شہر عالمی ورثے کی فہرست میں شامل  ہونے والا فلسطین کا پانچواں مقام ہے‘۔ 
 انہوں نے کہا کہ’ فہرست میں شامل تین مقامات ایسے  ہیں جو خطرات سے دوچار ہیں جبکہ دو مقامات معمول کی فہرست کا حصہ ہیں۔ ان  میں قدیم القدس ایسا مقام ہے جسے تینوں آسمانی  مذاہب کے یہاں مقدس مانا جاتا ہے‘۔ 

شیئر: